26 فروری ، 2023
پاکستانی کھلاڑی کامران اکمل کا کہنا ہےکہ ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کیلئے بھارتی کھلاڑیوں کو نہیں آنا چاہیے۔
کامران اکمل حال ہی میں نجی پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئے جس میں میزبان نے سوال کیا کہ بھارتی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کھیلنا چاہیے یا نہیں اس بارے میں آپ کی ذاتی کیا رائے ہے؟
میزبان کے سوال پر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ کہ نہیں ، بھارتی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں نہیں آنا چاہیے، بھارتی کرکٹ بورڈ صحیح کرتا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کیلئے نہیں بھیجتا، مجھے یہ بتایا جائےکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کس لیگ میں اپنے کھلاڑیوں کو کھیلنے دیتا ہے؟
کامران اکمل کے مطابق بھارت کو انداز ہ ہےکہ ان کا آئی پی ایل سیزن 2 ماہ کا ہے اس کے بعد ان کی انٹرنیشنل کرکٹ اتنی زیادہ ہےکہ ان کا کھلاڑی فنانشلی اتنا اسٹرونگ ہوجاتا ہے کہ انہیں مزید کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی، ہمارا بورڈ بھی ایسے کرسکتا ہے اور ہم بھی اس طرح اپنےکھلاڑیوں کو بچاسکتے ہیں ۔
دوسری جانب کامران اکمل نے یہ بھی بتایا کہ انہیں 2008 میں آئی پی ایل کھیلنے کے لیے کروڑوں روپےکا معاوضہ دیا گیا، آئی پی ایل میرے کیریئر کی سب سے مہنگی لیگ تھی ۔