وہ بہترین ہارر فلم جسے ایک بار ضرور دیکھنا چاہیے

یہ فلم ستمبر 2022 میں ریلیز ہوئی تھی / اسکرین شاٹ
یہ فلم ستمبر 2022 میں ریلیز ہوئی تھی / اسکرین شاٹ

کیا آپ کو ہارر فلمیں دیکھنا پسند ہیں؟ تو کیا 2022 کی یہ بہترین فلم دیکھی؟

اس فلم کو بیشتر ناقدین نے 2022 کی بہترین ہارر فلموں میں سے ایک قرار دیا تھا۔

یہ ایسی فلم ہے جس میں مسکراہٹ کو لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔

اور یہ فلم ہے اسمائل (smile) جس کی کہانی حقیقی معنوں میں دہشت زدہ کر دیتی ہے۔

یہ فلم ماضی کی کئی فلموں جیسے دی رنگ، اٹ فالوز اور دیگر سے متاثر محسوس ہوتی ہے۔

رائٹر اور ڈائریکٹر پارکر فن کی یہ فلم ستمبر 2022 میں ریلیز ہوئی تھی جس کا مجموعی بجٹ ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھا اور اس نے دنیا بھر سے 21 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا۔

فلم میں سوزی بیکن اور Caitlin Stasey نے مرکزی کردار ادا کیے۔

پلاٹ

Caitlin Stasey نے فلم میں لورا کا کردار ادا کیا / اسکرین شاٹ
Caitlin Stasey نے فلم میں لورا کا کردار ادا کیا / اسکرین شاٹ

یہ ماہر نفسیات ڈاکٹر روز کی کہانی ہے جس کی ملاقات ایک مریضہ Laura Weaver سے ہوتی ہے۔

لورا نے کچھ دن پہلے اپنے ایک پروفیسر کو خودکشی کرتے ہوئے دیکھا تھا اور وہ ڈاکٹر روز کو کہتی ہے کہ ایک نادیدہ مخلوق ایسے لوگوں کی شکل میں اس سے ملتی ہے جن کے چہروں پر شیطانی مسکراہٹ پھیلی ہوئی ہوتی ہے۔

اس ملاقات کے دوران لورا اچانک زمین پر گر کر چیخنے لگتی ہے اور جب ڈاکٹر روز مدد کے لیے کال کرتی ہے تو لورا کھڑی ہو جاتی ہے اور اس کے چہرے پر عجیب مسکراہٹ ہوتی ہے اور ہاتھ میں گلدان کا ٹوٹا ہوا ٹکڑا ہوتا ہے۔

اس ٹکڑے سے وہ گلے کو کاٹ کر خودکشی کرلیتی ہے۔

اس کے بعد ڈاکٹر روز کو خوفناک واقعات کا سامنا ہونے لگتا ہے جس کی وضاحت کرنا اس کے لیے ممکن نہیں ہوتا۔

فلم کا ایک سین / اسکرین شاٹ
فلم کا ایک سین / اسکرین شاٹ

جب وہ اس معاملے کی گہرائی میں جاتی ہے تو اسے دہشت زدہ کر دینے والے حقائق کا سامنا ہوتا ہے جبکہ اس کے تمام دوست اور رشتے دار اسے پاگل سمجھ کر دور ہونے لگتے ہیں۔

اس کی زندگی پر خوف کا غلبہ ہو جاتا ہے اور ڈاکٹر روز کو ماضی کی تلخیوں کا مقابلہ کرکے اس نئی حقیقت سے مقابلہ کرنا ہوتا ہے۔

اس سے آگے کہانی کے لیے فلم کو دیکھا چاہیے ورنہ سارا تجسس ختم ہو جائے گا۔

چند دلچسپ حقائق

فلم کی کہانی لوگوں کو خوفزدہ کر دیتی ہے / اسکرین شاٹ
فلم کی کہانی لوگوں کو خوفزدہ کر دیتی ہے / اسکرین شاٹ

یہ فلم 2020 کی ایک شارٹ فلم Laura Hasn't Slept پر مبنی تھی جس کے ڈائریکٹر پارکر فن ہی تھے۔

فلم میں اداکاروں کے چہروں پر جو شیطانی مسکراہٹ دکھائی گئی تھی وہ ویژول ایفیکٹس کا کمال نہیں بلکہ قدرتی تھی۔

ڈائریکٹر نے اداکاروں کو ہدایت کی تھی کہ عجیب انداز سے مسکراتے ہوئے ان کی آنکھوں سے کوئی تاثر ظاہر نہیں ہونا چاہیے تاکہ لوگوں کے اندر ڈر بڑھایا جاسکے۔

اس فلم کو ایک اسٹریمنگ نیٹ ورک کے لیے تیار کیا گیا تھا مگر ٹیسٹ آڈینس کا ردعمل دیکھنے کے بعد اسے سنیما گھروں میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

فلم کی ریلیز سے قبل چند اداکار ایک بیس بال مقابلے میں شریک ہوئے جہاں وہ فلم میں دکھائی جانے والی مسکراہٹ کی نقل کرتے نظر آئے۔

مزید خبریں :