Time 01 مارچ ، 2023
انٹرٹینمنٹ

پاکستانی اداکارہ اُشنا شاہ کو انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کرنے پر کس نے مجبور کیا؟

برائے مہربانی میرا یقین کریں میں نے شادی ہماری ثقافت کی توہین کرنے کیلئے نہیں کی تھی، میرا ایسا کوئی ارادہ ہی نہیں تھا: اُشنا شاہ — فوٹو: فائل
برائے مہربانی میرا یقین کریں میں نے شادی ہماری ثقافت کی توہین کرنے کیلئے نہیں کی تھی، میرا ایسا کوئی ارادہ ہی نہیں تھا: اُشنا شاہ — فوٹو: فائل

پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے شادی کے چند روز بعد اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کرنے کا اعلان کر دیا۔

اشنا شاہ نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کرنے کے حوالے سے اعلان کیا کہ وہ اپنی ذہنی صحت کیلئے کچھ عرصے کیلئے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کر رہی ہیں۔

اشنا شاہ کا کہنا تھا انہوں نے اپنی شادی کی تقریبات اس طرح سے کی جس طرح وہ چاہتی تھیں، ان کا مقصد پاکستانی ثقافت کی توہین کرنا ہرگز نہیں تھا لیکن پھر بھی میں نے اپنی شادی کے جوڑے پر لوگوں کے غم و غصے کو کم کرنے کیلئے معافی مانگی تھی۔

اپنی اسٹوریز کی سیریز میں انہوں نے بتایا کہ اپنی شادی کو نجی رکھنے کیلئے کتنی محنت کی تھی لیکن اس کے باوجود بھی ان کی اجازت کے بغیر ان کی شادی کی تصاویر آن لائن شائع ہو گئیں اور ان کی نجی زندگی دخل اندازی کا شکار ہوئی جس کے بعد انہیں اپنے لہنگے کی وجہ سے سوشل میڈیا ٹرولنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

میرے بھی انسانی لمحات ہیں اور میں نے ردعمل دیتے ہوئے اپنی نجی زندگی میں دخل اندازی کرنے پر ایک شخص کو بے نقاب کیا— فوٹو: اسکرین گریب
میرے بھی انسانی لمحات ہیں اور میں نے ردعمل دیتے ہوئے اپنی نجی زندگی میں دخل اندازی کرنے پر ایک شخص کو بے نقاب کیا— فوٹو: اسکرین گریب

انہوں نے لکھا کہ کچھ لوگوں نے ان کی نجی زندگی میں مداخلت کرتے ہوئے ان کے خوشی کو برباد کیا، یہاں تک کہ نکاح کی تقریب میں بھی خلل ڈالنے کی کوشش کی، ہر دلہن کی طرح میں بھی اپنی شادی کی تقریب اس طرح برباد ہوتے دیکھ کر غم زدہ ہو گئی تھی، میرے بھی انسانی لمحات ہیں اور میں نے ردعمل دیتے ہوئے اپنی نجی زندگی میں دخل اندازی کرنے پر ایک شخص کو بے نقاب کیا، میں نے سیکڑوں کمینٹ پڑھے اور وہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہے تھے۔

اشنا شاہ نے لکھا کہ برائے مہربانی میرا یقین کریں میں نے شادی ہماری ثقافت کی توہین کرنے کیلئے نہیں کی تھی، میرا ایسا کوئی ارادہ ہی نہیں تھا، لیکن پھر بھی اگر لوگوں کو لگتا ہے کہ میں نے ایسا جان بوجھ کر کیا ہے تو میں معافیاں بھی مانگ چکی ہوں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں اپنی ذہنی صحت کیلئے اس پلیٹ فارم کو چھوڑ رہی ہوں تاکہ اپنا قیمتی وقت اور توانائیاں اپنے شوہر اور اپنے نئے خاندان کے ساتھ بانٹ سکوں جو کہ میرے لیے ایک نعمت ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ اگر میں یہ کام ہی چھوڑ دیتی ہوں تو پھر بھی میں آپ سب کی دعاؤں اور محبتوں کیلئے آپ کی مشکور ہوں۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل اداکارہ اُشنا شاہ اور معروف گولفر حمزہ امین رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، تقریب میں قریبی دوستوں سمیت شوبز انڈسٹری کے ستاروں نے بھی شرکت کی، اس موقع پر اداکارہ اُشنا نے شادی کی تقریب کیلئے لال رنگ کے لباس کا انتخاب کیا جبکہ ان کے شوہرنے سفید رنگ کی شیروانی زیب تن کی۔

تاہم شادی کی تصاویر اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اُشنا کے لباس پر تنقید کی۔

ایک صارف نے لکھا کہ 'اُشنا شاہ جیسے لوگوں نے ہماری ثقافت کو برباد کر دیا، جو لباس انہوں نے پہنا، جو رقص کر رہی ہیں، یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ہمارے بچوں کیلئے رول ماڈل نہیں، نہ کبھی ہوں گی'۔

اس پلیٹ فارم کو چھوڑ رہی ہوں تاکہ اپنا قیمتی وقت اور توانائیاں اپنے شوہر اور اپنے نئے خاندان کے ساتھ بانٹ سکوں— فوٹو: اسکرین گریب
اس پلیٹ فارم کو چھوڑ رہی ہوں تاکہ اپنا قیمتی وقت اور توانائیاں اپنے شوہر اور اپنے نئے خاندان کے ساتھ بانٹ سکوں— فوٹو: اسکرین گریب

لباس پر تنقید کرنے پر اشنا شاہ نے سوشل میڈیا صارفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ایک پیغام جاری کیا۔

انہوں نے لکھا کہ 'ان لوگوں سے مخاطب ہوں جنہیں میرے لباس سے مسئلہ ہے،آپ کو تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا تھا نہ ہی آپ نے میرے لباس کے پیسے دیے،میرا سوٹ میری جیولری سب پاکستانی ہے، البتہ میرا دل آدھا آسٹرین ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ ہمیں خوش رکھے۔

مزید خبریں :