جدید ٹیکنالوجی کے فاسٹ چارجر سے موجودہ اسمارٹ فونز کو 5 منٹ میں مکمل چارج کرنا ممکن نہیں

اس فاسٹ چارجر کے حصول کے لیے شہری پرجوش دیکھے گئے ہیں تاہم یہ ٹیکنالوجی ابھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔ فوٹو فائل
اس فاسٹ چارجر کے حصول کے لیے شہری پرجوش دیکھے گئے ہیں تاہم یہ ٹیکنالوجی ابھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔ فوٹو فائل

ایک اسمارٹ فون کمپنی کی جانب سے فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی کے 300 واٹ کے چارجر سے محض 5 منٹ میں اسمارٹ فون کو 0 سے 100 فیصد چارج کرنے کا اعلان سامنے آیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے ایک ویڈیو میں اس ٹیکنالوجی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، اس ویڈیو میں 4100 ایم اے ایچ بیٹری کو تیزی سے چارج کیا گیا تھا۔

ویڈیو میں دکھایا گیا کہ فون کی بیٹری کو صفر سے 50 فیصد تک پہنچنے میں 2 منٹ 11 سیکنڈ لگے، اسی طرح 5 منٹ سے کچھ سیکنڈ قبل بیٹری 100 فیصد چارج ہو گئی، کمپنی کے مطابق اس ٹیکنالوجی کے اڈاپٹر کو حجم چھوٹا رکھا گیا ہے۔

اس فاسٹ چارجر کے حصول کے لیے شہری پرجوش دیکھے گئے ہیں تاہم یہ ٹیکنالوجی ابھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔

پاکستان میں مختلف موبائل فون کمپنیوں کے ڈیلرز کا کہنا ہے کہ وہ اس سلسلے میں معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق 300 واٹ فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی سے موجودہ موبائل فونز کو پانچ منٹ میں 100 فیصد چارج نہیں کیا جا سکے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپنی نے جن موبائل فون کو پانچ منٹ میں مکمل چارج کرنے کا مظاہرہ ویڈیو میں دکھایا ہے وہ چارجر کی ٹیکنالوجی سے مماثلت رکھتے ہیں کیونکہ ان موبائل فون میں 300 واٹ فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی کی مماثلت کی چپ اور سرکٹ انسٹال کیے گئے ہیں۔

کراچی کی موبائل مارکیٹس میں ووک (VOK) ٹیکنالوجی کے مخصوص موبائل فون کو زیرو سے 37 منٹ میں مکمل چارج کرنے کے چارجز موجود ہیں جو موجودہ عام اسمارٹ فونز کو سپورٹ نہیں کرتے۔

اسی طرح دیگر کمپنیز کے فاسٹ چارجر، سپر فاسٹ چارجر یا سپر چارجر بھی دستیاب ہیں جو اسی ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرنے والے موبائل فون کو چارج کر سکتے ہیں۔

مارکیٹ سروے کے مطابق ایسے چارجر 8 سے 10 ہزار روپے میں دستیاب ہیں۔

پانچ منٹ میں زیرو سے 100 فیصد سیل فون بیٹری چارج کرنے کے خواہشمند افراد کو اس کمپنی کی جدید ترین ٹیکنالوجی کے موبائل فونز اور اس کے ہم آہنگ فاسٹ چارجرز کا انتظار کرنا پڑے گا۔