Time 03 مارچ ، 2023
پاکستان

باہر اور یہاں کی زندگی میں فرق نے پاکستان آنے پر آمادہ کیا: ہاظم بنگوار

لوگ کہتے تھے تم پاکستان کیوں آئے وہ بھی سرکاری جاب کیلئے لیکن مجھے ضد ہوگئی تھی کہ میں سرکاری جاب کیوں نہیں کرسکتا: پروگرام میں گفتگو/ فائل فوٹو
لوگ کہتے تھے تم پاکستان کیوں آئے وہ بھی سرکاری جاب کیلئے لیکن مجھے ضد ہوگئی تھی کہ میں سرکاری جاب کیوں نہیں کرسکتا: پروگرام میں گفتگو/ فائل فوٹو

منفرد اسٹائل اور ڈیزائننگ سے مقبول اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مسائل ان کے پاکستان لوٹنے کی وجہ بنے۔

کراچی کے اسسٹنٹ کمشنرہاظم بنگوار حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک شو کے مہمان بنے جس دوران میزبان متھیرا نے ان سے کیرئیر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

دوران شو ہاظم نے بتایا کہ  ’میں نے فیشن مارکیٹنگ میں بیچلر کیا تھا، اس کے بعد ایل ایل بی کیا، اس دوران میرا دماغ آرٹ اور اکیڈمی کے درمیان کنفیوز ہوتا رہا ، پھر میرا ایک میوزک لیبل کے ساتھ معاہدہ طے ہوگیا‘۔

فیشن اور میوزک کی فیلڈ چھوڑنے اور  اسسٹنٹ کمشنر بننے کو ترجیح دینے کے سوال پر ہاظم بنگوار کا کہنا تھا کہ ’مجھے باہر  اور یہاں کی زندگی میں بہت فرق محسوس ہورہا تھا اور اسی حقیقت نے مجھے پاکستان آنے پر آمادہ کیا، میں  نے محسوس کیا کہ میں بیرون ملک بہترین ہوٹل سے بہترین کھانا کھاتا ہوں جب کہ پاکستان میں بہت سارے لوگ ایسے بھی ہیں جن کے پاس کھانے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے‘۔

ہاظم بنگوار نے کہا کہ ’یہ سب دیکھ کر مجھے لگا کہ میں بیرون ملک رہتے ہوئے اپنی حقیقت سے بہت دور چلا گیا ہوں اور پھر میں نے فیصلہ کیا کہ مجھے پاکستان میں ہی رہنا ہے اور یہاں کے لوگوں کی خدمت کرنی ہے، اس کے بعد میں پاکستان آیا اور میں نے سی ایس ایس کے امتحان دینے کا فیصلہ کیا، لوگ کہتے تھے تم پاکستان کیوں آئے وہ بھی سرکاری جاب کیلئے لیکن مجھے ضد ہوگئی تھی کہ میں سرکاری جاب کیوں نہیں کرسکتا‘۔

مزید خبریں :