04 مارچ ، 2023
میٹا نے فیس بک اور انسٹا پر اپ لوڈ کی گئی فحش تصاویر اور ویڈیوز ہٹانے کیلئے ٹول متعارف کروادیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میٹا کایہ نیا ٹول امریکی ادارے نیشنل سینٹر فارمسنگ اینڈ ایکسپلائیٹڈ چلڈرن کے اشتراک سے ’ٹیک اٹ ڈاؤن‘ کے نام سے متعارف کروایا گیا ہے۔
’ٹیک اٹ ڈاؤن ‘ نامی ٹول ایک فری سروس ہے جو ایک ویب سائٹ کے طور پر کام کرتا ہے، جہاں 18 سال سے کم عمر صارفین یا ان کے والدین ایسی تصاویر اور ویڈیوز کو ڈال سکتے ہیں جن سے متعلق انہیں خدشہ ہو کہ وہ انٹرنیٹ پر شیئر کی جاسکتی ہیں یا اس سے پہلے وہ شیئر کی جاچکی ہیں۔
ان تصاویر اور ویڈیوز کو ٹیک اٹ ڈاؤن ٹول ڈیجیٹل فنگر پرنٹس میں تبدیل کرکے اپنے پاس محفوظ کرلے گا جسے ہیش کانام دیا گیا ہے، یہ ہیش نیشنل سینٹر فار مسنگ اینڈ ایکسپلائیٹڈ چلڈرن اور مذکورہ پلیٹ فارمز کو بھیجے جائیں گے۔
سوشل میڈیا سائٹس پر اصلی تصاویر کو اپ لوڈ کرنے کی کسی بھی کوشش کو بلاک کرنے کیلئے اس ہیش میچ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، یعنی جب بھی کوئی ان تصاویر کو سوشل میڈیا پر وائرل کرے تب یہ ٹول اپنا کام کرتے ہوئے انہیں ہٹادے گا۔
غور طلب بات یہ ہے کہ اس ٹول کے ذریعے صرف 18 سال یا اس سے کمر بچوں کی فحش اور عریاں تصاویر کو ہٹایا جاسکے گا، 18 سال سے زائد عمر کے افراد اس ٹول سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے، فیس بک اور انسٹا کے علاوہ یہ ٹول یوبو، اونلی فینز، پورن ہب جیسے پلیٹ فارمز پر بھی کام کرسکے گا۔