26 فروری ، 2023
کیا آپ فیس بک یا انسٹاگرام پر اپنے اکاؤنٹ کو ماہانہ فیس کے عوض ویری فائیڈ کرانا چاہتے ہیں؟
اگر ہاں تو آپ اپنا نام ویٹ لسٹ میں درج کر سکتے ہیں۔
میٹا ویری فائیڈ نامی سبسکرپشن سروس کے لیے ویٹ لسٹ کا آپشن تمام صارفین کو فراہم کر دیا گیا ہے۔
اس ویٹ لسٹ میں نام درج کرانے والے صارفین کو ان کے ملک میں یہ سروس متعارف کرائے جانے پر نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
میٹا کے سپورٹ پیجز میں اس سبسکرپشن کے حوالے سے چند نئی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔
مثال کے طور پر جب میٹا کے بانی مارک زکربرگ نے اس سروس کا اعلان کیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ ویب ورژن کے صارفین سے 11.99 ڈالرز جبکہ آئی او ایس ڈیوائسز استعمال کرنے والوں سے 14.99 ڈالرز ماہانہ فیس لی جائے گی۔
مگر انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ہر پلیٹ فارم کے لیے الگ فیس ہوگی۔
یعنی اگر ایک صارف فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو ویری فائیڈ کرانا چاہتا ہے تو اسے ویب پر ماہانہ 23.99 ڈالرز جبکہ آئی او ایس ڈیوائس پر 29.99 ڈالرز فیس دینی ہوگی۔
میٹا ویری فائیڈ سروس ٹوئٹر کی اس طرح کی سروس سے کچھ مختلف بھی ہے۔
یعنی اب بھی فیس بک اور انسٹاگرام کے معروف صارفین اپنے اکاؤنٹس کو مفت ویری فائیڈ کرانے کے لیے درخواستیں دے سکیں گے۔
اس سے پہلے کمپنی نے سبسکرپشن سروس کے لیے چند شرائط کا اعلان بھی کیا تھا۔
کمپنی کے مطابق اگر آپ فیس بک یا انسٹاگرام پر اپنے اکاؤنٹ کو سبسکرپشن پلان کے تحت ویری فائی کراتے ہیں تو پھر آپ پروفائل نیم، یوزر نیم، تاریخ پیدائش یا پروفائل فوٹو کو تبدیل نہیں کرسکیں گے۔
صارفین کی جانب سے کسی تبدیلی کی کوشش کو کمپنی کی جانب سے بلاک کر دیا جائے گا، اگر وہ ایسا کرنا چاہتے ہیں تو انہیں سبسکرپشن پلان کی رکنیت چھوڑنا ہوگی۔
اسی طرح میٹا ویری فائیڈ کا حصہ بننے کے لیے کم از کم عمر 18 سال ہوگی اور صارف کو حکومتی شناختی کارڈ کی ایسی نقل جمع کرانا ہوگی جو فیس بک یا انسٹاگرام پر اس کی فوٹو سے ملتی ہو۔
ہر اکاؤنٹ میں 2 فیکٹر authentication کو ٹرن آن کرنا بھی لازمی ہوگا جبکہ حال ہی اکاؤنٹس پر کچھ پوسٹس کرنا بھی ضروری ہوگا۔
میٹا کے مطابق یہ سروس ابتدائی طور پر نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں متعارف کرائی گئی ہے۔