05 مارچ ، 2023
واٹس ایپ نے اگست 2022 میں صارفین کے لیے ایک بہترین پرائیویسی فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
اس فیچر کا مقصد صارفین کو ناپسندیدہ واٹس ایپ گروپس خاموشی سے چھوڑنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
مگر اس اعلان کے بعد کئی ماہ تک یہ فیچر صارفین کو دستیاب نہیں ہوسکا تھا مگر اب اسے استعمال کرنا ممکن ہے۔
یعنی اب یہ فیچر تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے مگر بیشتر افراد کو اس کا علم ہی نہیں کہ کب اسے متعارف کرایا گیا۔
یہ فیچر واٹس ایپس کے بڑے گروپس میں زیادہ کارآمد ہوگا جن کے میسجز کی بھرمار سے لوگ پریشان ہوجاتے ہیں۔
اب اگر کوئی آپ کو کسی ایسے واٹس ایپ گروپ میں ایڈ کر دیتا ہے جس سے آپ دور رہنا چاہتے ہیں تو اس فیچر سے آپ کسی کو آگاہ کیے بغیر اس گروپ کو چھوڑ سکیں گے۔
ایسا کرنے پر آپ کے گروپ چھوڑنے کا علم ایڈمن کے سوا کسی اور کو نہیں ہوگا، البتہ دیگر اراکین گروپ کی تفصیلات کے پیج میں جاکر اس بارے میں جان سکتے ہیں۔
اس فیچر سے قبل واٹس ایپ کی جانب سے گروپ کے تمام افراد کو ایک نوٹیفکیشن بھیج کر آگاہ کیا جاتا تھا کہ کسی فرد نے گروپ سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
البتہ کسی واٹس ایپ گروپ کے ایڈمن اس فیچر کو استعمال نہیں کر سکیں گے۔
اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ میں اس گروپ کی چیٹ اوپن کریں جس کو وہ چھوڑنا چاہتے ہیں۔
اس چیٹ ونڈو میں اوپر گروپ کے نام پر کلک کرکے گروپ انفو میں جائیں۔
گروپ انفو میں نیچے اسکرول کرنے پر ایگزٹ گروپ کا آپشن نظر آئے گا اور اس پر کلک کریں۔
اس آپشن پر کلک کرنے پر آپ کے سامنے لکھا آئے گا کہ صرف گروپ ایڈمنز کو ہی آپ کے گروپ چھوڑنے کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا، پھر ایگزٹ گروپ پر کلک کردیں۔