06 مارچ ، 2023
اکثر افراد کی جانب سے یہ خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کا ڈیٹا میٹا کی دیگر کمپنیوں سے شیئر کیا جاتا ہے۔
مگر کمپنی نے واضح کیا ہے کہ صارفین کے ذاتی ڈیٹا کو اشتہاری مقاصد کے لیے تھرڈ پارٹیز یا میٹا کی دیگر کمپنیوں بشمول فیس بک سے شیئر نہیں کیا جاتا۔
کمپنی کی جانب سے یہ وضاحت یورپین کمیشن کے سامنے کی گئی۔
یورپین کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق واٹس ایپ نے واضح کیا کہ صارفین کا ڈیٹا بالکل محفوظ ہوتا ہے اور اس تک کسی کی رسائی ممکن نہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ نے 2021 میں متعارف کرائی گئی پرائیویسی پالیسی میں کی جانے والی تبدیلیوں کو زیادہ شفاف بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یورپی یونین کے حکام نے 2022 میں واٹس ایپ کو ہدایت کی تھی کہ اس کی پرائیویسی پالیسی میں کی جانے والی تبدیلیوں کو سادہ زبان میں واضح نہیں کیا گیا جو یورپی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
اب واٹس ایپ نے یورپی صارفین کے لیے پالیسی میں کی جانے والی تبدیلیوں کی وضاحت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے پالیسی میں تبدیلی کو قبول یا مسترد کرنے کے آپشن کو زیادہ نمایاں طور پر ڈسپلے کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔
یورپین کمیشن کا کہنا تھا کہ صارفین کو یہ سمجھنے کا حق ہے کہ وہ کن شرائط کو قبول کر رہے ہیں اور ان کے حقوق کیا ہیں، تاکہ ان عوامل کو مدنظر رکھ کر وہ میسجنگ پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کا فیصلہ کرسکیں۔