Time 07 مارچ ، 2023
انٹرٹینمنٹ

بیکٹریا کا نام خود پر رکھے جانے پر کیانو ریوز کا ردعمل سامنے آگیا

کیانو ریوز جان وک کے کردار میں / اسکرین شاٹ
کیانو ریوز جان وک کے کردار میں / اسکرین شاٹ

ہالی وڈ اداکار کیانو ریوز کا فلمی کردار جان وک قتل کرنے میں اتنی مہارت رکھتا ہے کہ اس سے متاثر ہوکر سائنسدانوں نے ایک نئے بیکٹریا کا نام اداکار کے نام پر رکھ دیا ہے۔

جرمنی کے Leibniz انسٹیٹیوٹ نے گزشتہ دنوں ایک نئے بیکٹریا کا نام کیانو ریوز کے نام پر رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکار کو اس کا علم سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مداحوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہوا۔

اپنی نئی فلم جان وک 4 کی تشہیر کے موقع پر کیانو ریوز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈیٹ پر مداحوں کے سوالات کے جواب دیے۔

اس موقع پر انہیں معلوم ہوا کہ ایک بیکٹریا کا نام ان کے نام پر keanumycins رکھا گیا ہے۔

انہیں ایک مداح نے اس بارے میں بتایا تو کیانو ریوز یہ سن کر حیران نظر آئے۔

انہوں نے اپنے جواب میں کہا کہ 'انہیں اس بیکٹریا کا نام جان وک پر رکھنا چاہیے تھا مگر یہ بھی میرے لیے اعزاز ہے، سائنسدانوں کا شکریہ'۔

سائنسدانوں نے اس بیکٹریا کا نام رکھتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے تیار ہونے والے مرکبات فنگس کو ختم کرنے کے لیے اتنے زیادہ مؤثر ہیں جتنے کیانو ریوز کے جان لیوا کردار۔

خیال رہے کہ جان وک سیریز کی 3 فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں اور جان وک : چیپٹر 4 کی ریلیز کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے التوا کا شکار رہی تھی۔

اب اس فلم کو 24 مارچ 2023 کو دنیا بھر میں ریلیز کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :