08 مارچ ، 2023
اگر آپ مقبول سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک سے پیسے کمانا چاہتے ہیں تو اس حوالے سے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی وائرل ویڈیوز سے اضافی آمدنی سے حاصل کر سکیں گے۔
ٹک ٹاک کی جانب سے سیریز نامی فیچر متعارف کرایا گیا ہے تاکہ تخلیق کار ایپ سے براہ راست پیسے کما سکیں۔
سیریز کے لیے اہل قرار پانے والے صارفین اپنی ویڈیوز کو ایک البم میں رکھ کر ان تک رسائی پیسوں کے عوض فراہم کریں گے۔
اس ویڈیو البم کو سیریز البم کہا جائے گا۔
ٹک ٹاک نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ بنیادی طور پر ایک سیریز البم 80 ویڈیوز پر مشتمل ہوگا جس میں ہر ویڈیو کا دورانیہ 20 منٹ تک کا ہوگا۔
یہ فیچر ابھی محدود صارفین کو دستیاب ہے مگر بہت جلد اسے بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جائے گا۔
ٹک ٹاک کے مطابق یہ ہماری جانب سے صارفین کو کمانے کے لیے فراہم کیے گئے مواقع میں نیا اضافہ ہے۔
صارفین ہی طے کریں گے کہ ان کی کسی سیریز البم کو دیکھنے کی فیس کتنی ہوگی جو ایک سے 190 ڈالرز کے درمیان رکھی جائے گی۔
اس آمدنی میں سے صارفین کو ٹک ٹاک کوئی حصہ نہیں دینا ہوگا، البتہ سیریز کا حصہ بننے کے لیے انہیں فیس دینا ہوگی۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ ٹک ٹاک کی جانب سے کتنی فیس صارفین سے لی جائے گی۔
اسی طرح یہ بھی معلوم نہیں کہ کوئی صارف سیریز کے لیے کیسے اہل قرار پائے گا، البتہ کمپنی کے مطابق اس میں شمولیت کے لیے درخواستوں کا آپشن جلد متعارف کرایا جائے گا۔
ٹک ٹاک کی جانب سے کریٹیر فنڈ میں بھی تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا ہے کیونکہ ابھی اس سے صارفین کے لیے آمدنی کا حصول کافی مشکل ہے۔