Time 08 مارچ ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی کا پولیس تشدد سے ایک کارکن کے جاں بحق ہونے کا الزام

تحریک انصاف کے جاں بحق کارکن کی شناخت علی بلال کے نام سے ہوئی ہے— فوٹو: سوشل میڈیا
تحریک انصاف کے جاں بحق کارکن کی شناخت علی بلال کے نام سے ہوئی ہے— فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے لاہور میں ریلی کو روکنے کے دوران پولیس تشدد سے ایک کارکن کے جاں بحق ہونے  کا الزام عائد کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ کارکن کسی صورت مشتعل نہ ہوں، یہ لوگ ملک میں خون چاہتے ہیں، ہم کسی صورت خون خرابہ نہیں چاہتے، رات کو پورا سکیورٹی پلان کلیئر ہوا تھا، پولیس نےشہریوں کی گاڑیوں کو توڑا۔

اس حوالے سے شبلی فراز نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آئین کو  پامال کیا جا رہا ہے، ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ عمران خان پر حملے کی تیاری ہو رہی ہے، یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان عوام سے رابطے میں نہ ہوں۔

جاں بحق شخص کی شناخت علی بلال کے نام سے ہوئی

تحریک انصاف کے جاں بحق کارکن کی شناخت علی بلال کے نام سے ہوئی ہے۔

اس حوالے سے سروسز اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علی بلال کے سر اور ناک پر چوٹ لگی ہوئی ہے،  علی بلال کی موت کی وجہ کا تعین ڈاکٹرکریں گے۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے 2 ڈی ایس پیز سمیت 11 اہلکاروں کو زخمی کیا: پولیس

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حملوں میں 2 ڈی ایس پیز سمیت 11 اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق زخمیوں میں ڈی ایس پی سبزہ زار اور ڈی ایس پی ٹاؤن شپ سمیت ایس ایچ او ہنجروال شامل ہیں۔

دیگر زخمیوں میں کانسٹیبل عرفان، ندیم، بلال اور وقار بھی شامل ہیں، زخمی اہلکاروں میں کانسٹیبل عبدالستار،علی عصمت، سکندر اور علی حمزہ بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف نے آئین اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :