لاہور : دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں، پی ٹی آئی نے ریلی منسوخ کردی

فوٹو: اسکرین شاٹ/ٹوئٹر
فوٹو: اسکرین شاٹ/ٹوئٹر

زمان پارک لاہور میں پولیس اور  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن آمنے سامنے آگئے۔

پی ٹی آئی کی ریلی روکنے کیلئے پولیس نے پکڑ  دھکڑ، شیلنگ اور  آبی توپ کا استعمال بھی کیا۔

پولیس اور کارکنوں کی مڈ بھیڑ میں کئی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا اس کے علاوہ  ڈنڈا بردار کارکن بھی زمان پارک میں موجود ہیں۔ پولیس نے کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے آج لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا اور عمران خان نے بھی اس ریلی میں شرکت کرنی تھی تاہم محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور میں جلسہ ، جلوس ، ریلی پر پابندی عائد کردی  جس کے تحت احتجاج ، دھرنے اور مظاہروں پر بھی پابندی عائد ہوگئی ہے، یہ پابندی سات روز تک جاری رہے گی۔

کارکن پرامن طور پر اپنے گھروں کو لوٹ جائیں ، حماد اظہر

اس تمام صورتحال میں پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے ریلی میں شرکت کیلئے آنے والے کارکنوں کو پیغام دیا کہ وہ پر امن طریقے سے گھروں کو لوٹ جائیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ رانا ثنااللہ اور دوسرے لوگ انتشار چاہتے ہیں،  ہم کارکنوں کو کہہ رہے ہیں کہ پرامن طریقے سے گھروں کو چلے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ 25 مئی کو  لاکھوں کا مجمع تھا، اُس وقت بھی ان کا پلان تھا کہ خون خرابہ ہو، آج پولیس نے پُر امن کارکنوں کی گاڑیوں کو توڑا،  مال روڈ، گڑھی شاہو میں بھی شیلنگ کی گئی۔

تحریک انصاف نے ریلی نکالنے سے روکنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع  کرلیا

 علاوہ ازیں تحریک انصاف نے ریلی نکالنے سے روکنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع  کرلیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے  لاہور ہائیکور ٹ میں درخواست دائر  کردی، درخواست میں دفعہ 144 کے نفاذ کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ تحریک انصاف کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنے کیلئے کیا گیا، دوصوبوں میں انتخابات ہونے ہیں، سیاسی سرگرمیوں سے روکنا غیر آئینی ہے، نگران حکومت مسلم لیگ ن کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مریم نواز کے جلسوں پرکوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔

خیال رہے کہ  تحریک انصاف نے آئین اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :