Time 09 مارچ ، 2023
دلچسپ و عجیب

اپنے ہی بال نوچ کھانیوالی لڑکی کا کامیاب آپریشن، پیٹ سے بالوں کا گُچھا نکال دیا گیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آپ نے اکثر لوگوں کے پیٹ سے پتھر، سکے، قینچی نکلتے ہوئے تو سنا ہوگا لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسا دلچسپ واقعہ بتا رہے ہیں جس میں 11 سالہ لڑکی کے پیٹ سے بالوں کا گُچھا نکلا ہے۔ 

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حیرت انگیز واقعہ چیک رپبلک میں پیش آیا جہاں منگل کو ڈاکٹروں نے ایک 11 سالہ بچی کا کامیاب آپریشن کرکےاس کے معدے سے بالوں کا گُچھا نکال دیا، جس کا سائز ایک کپ جتنا تھا۔

رپورٹس کے مطابق بچی اپنے بال نوچ کر کھانے کی ایک عجیب بیماری میں مبتلا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 11 سالہ بچی Rapunzel نامی ایک سنڈروم کا شکار ہے ، یہ بیماری 1968 میں پہلی بار رپورٹ ہوئی تھی جس کے دنیا میں اب تک صرف ایک درجن کیس سامنے آئے ہیں۔

چیک رپبلک میں لڑکی کا کامیاب آپریشن کرنے والے سرجن نے بتایا کہ اس بیماری میں مریض اپنے بال نوچ کر کھانا شروع کردیتا ہے، اس بیماری کا شکار زیادہ تر لڑکیاں ہوتی ہیں جو بچپن سے بڑھتی عمر تک اس کا سامنا کرتی ہیں۔  

ڈاکٹر کے مطابق بالوں کا گُچھا 8 انچ بڑا تھا اس لیے اسے بچی کے منہ کے ذریعے نکالنا ناممکن تھا، اسی وجہ سے لڑکی کی سرجری کرنا پڑی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر آپریشن نہ کیا جاتا تو لڑکی کو پیٹ میں شدید درد کا سامنا کرنا پڑتا جبکہ اس کا وزن بھی آہستہ آہستہ کم ہوجاتا۔آپریشن کے بعد لڑکی بالکل صحت مند ہے البتہ اس کا نفسیاتی علاج جاری ہے۔ 

مزید خبریں :