Time 10 مارچ ، 2023
صحت و سائنس

کیا چیونگم کو نگل لینا نقصان دہ ہوتا ہے؟

چیونگم نگلنے سے کیا ہوتا ہے / فائل فوٹو
چیونگم نگلنے سے کیا ہوتا ہے / فائل فوٹو

کیا آپ نے یہ سنا ہے کہ چیونگم کو نگل لیا جائے تو وہ معدے میں کئی سال تک موجود رہتی ہے؟

اگر ہاں تو یہ جان لیں کہ یہ بات بالکل غلط ہے، اگرچہ چیونگم کو نگلنے کا مشورہ تو نہیں دیا جاسکتا، مگر غلطی سے ایسا ہو جائے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

ہمارا جسم چیونگم کو ہضم تو نہیں کر سکتا مگر وہ 40 گھنٹوں کے بعد ہمارے نظام ہاضمہ سے گزر کر فضلے کے ذریعے جسم سے خارج ہو جاتی ہے۔

تو کیا چیونگم نگلنے پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے؟

اگر آپ چیونگم کا ایک ٹکڑا نگلتے ہیں تو ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ جلد جسم سے نکل جاتا ہے۔

البتہ اگر آپ اکثر چیونگم کو نگل لیتے ہیں یا دیگر ناقابل ہضم اشیا کے ساتھ اسے نگلتے ہیں تو پھر ضرور مسئلہ ہو سکتا ہے۔

عموماً اس طرح کے مسئلے میں غذائی نالی بلاک ہو جاتی ہے جس کے باعث پیٹ درد اور قبض جیسی علامات کا سامنا ہوتا ہے، ایسی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہتر ہوتا ہے۔

چیونگم بنتی کس چیز سے ہے؟

موجودہ عہد میں زیادہ تر چیونگم کو پولیمرز، plasticizers اور گوند پر مبنی گم بیس سے تیار کیا جاتا ہے جبکہ متعدد طرح کے رنگ، فلیورز اور دیگر اشیا بھی شامل کی جاتی ہیں۔

تو اسے نگلنے سے ہوتا کیا ہے؟

ہمارا جسم چیونگم میں موجود مٹھاس کو جذب کر لیتا ہے مگر اس کی گوند کو ہضم نہیں کر پاتا۔

اس وجہ سے چیونگم ٹھوس شکل میں غذائی نالی سے گزر کر فضلے کے ذریعے جسم سے باہر نکل جاتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :