عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کو مضبوط رکھنے میں مددگار آسان عادات

ان عادات کو اپنانا بہت آسان ہے / فائل فوٹو
ان عادات کو اپنانا بہت آسان ہے / فائل فوٹو

عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیاں کمزور ہونے کا امکان بھی بڑھتا ہے کیونکہ ان کے حجم میں کمی آتی ہے۔

ہڈیوں کی کمزوری کا سامنا کسی بھی عمر میں ہو سکتا ہے اور اس حوالے سے وٹامنز یا منرلز کی کمی یا طرز زندگی کے انتخاب اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کا حجم گھٹنے لگتا ہے، خاص طور پر خواتین میں یہ بہت عام مسئلہ ہوتا ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ کسی بھی عمر میں چند عام عادات کو اپنا کر ہڈیوں کی صحت کو بہتر بنانا ممکن ہے۔

ماہرین نے اس حوالے سے ایسی عادات کے بارے میں بتایا ہے جن کو کسی بھی عمر میں اپنانے سے ہڈیوں کی صحت کو طویل المعیاد بنیادوں پر بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

ہڈیوں کے لیے اہم وٹامنز اور منرلز کا خیال رکھنا

ہمارا جسم کیلشیئم نہیں بناتا تو ہمیں اس کے حصول کے لیے غذا اور سپلیمنٹس کا سہارا لینا ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق روزانہ 1300 ملی گرام کیلشیئم کا استعمال کرنا چاہیے، اس مقصد کے لیے ہر وقت کے کھانے کے ساتھ دودھ کا ایک گلاس پینا مدد فراہم کر سکتا ہے یا دہی کھانے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔

اسی طرح سبز پتوں والی سبزیاں، مچھلی، بیج، پنیر، دالیں اور پھلیاں، بادام اور انجیر وغیرہ بھی کیلشیئم کے حصول میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

کیلشیئم کے ساتھ ساتھ وٹامن ڈی بھی ہڈیوں کی صحت کے لیے اہم ہوتا ہے جس کا حصول سورج کی روشنی کے ساتھ ساتھ مچھلی، انڈوں اور دودھ سے بنی fortified مصنوعات سے ممکن ہے۔

ڈاکٹروں کے مشورے سے وٹامن ڈی سپلیمنٹس کا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

وٹامن کے (K) اور میگنیشم بھی ہڈیوں کی صحت کے لیے بہترین ہوتے ہیں۔

وٹامن کے (K) سبز پتوں والی سبزیوں میں ہوتا ہے جبکہ میگنیشم کا حصول گریوں اور سالم اناج سے ممکن ہے۔

ان دونوں کے سپلیمنٹس بھی ڈاکٹروں کے مشورے سے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

ورزش کو معمول بنائیں

ورزش خاص طور چہل قدمی، جاگنگ اور رقص کرنے سے بھی ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔

اسی طرح وزن اٹھانے والی ورزشوں سے ہڈیوں کی کثافت میں اضافہ ہوتا ہے جس سے ان کی صحت بہتر ہو جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ہر ہفتے کم از کم 4 بار 30 سے 45 منٹ تک ورزش کرنا چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ زندگی میں کسی بھی وقت جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے سے ہڈیوں کی صحت کو بہتر بنانا ممکن ہے۔

طرز زندگی کے عناصر کا خیال رکھیں

تمباکو نوشی اور الکحل کے استعمال سے ہڈیاں کمزور ہوتی ہیں جبکہ زیادہ نمک والی غذاؤں سے بھی ہڈیوں کی صحت متاثر ہوتی ہے۔

اسی طرح کیفین والے مشروبات جیسے کافی، چائے اور سافٹ ڈرنکس کا زیادہ استعمال بھی ہڈیوں کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔

تو ان سب سے گریز کرنا یا کم از کم استعمال کرنا ہڈیوں کی صحت کے لیے اہم ہوتا ہے۔

خاندانی تاریخ پر نظر رکھیں

ہڈیوں کی صحت کے حوالے سے جینز کا کردار اہم ہوتا ہے، اگر والدین، دادا دادی یا نانا نانی کو ہڈیوں کے امراض کا سامنا رہا ہے تو ہوسکتا ہے کہ آپ کو بھی ان کا سامنا ہو۔

تو ایسے افراد کو مخصوص عرصے کے بعد ہڈیوں کی صحت کا معائنہ کراتے رہنا چاہیے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :