11 مارچ ، 2023
پیغام رسانی کی مقبول ایپلی کیشن واٹس ایپ نے گروپس ایڈمن کے لیے شاندار فیچر پیش کیا ہے جس کے تحت اب انہیں گروپ میں نئے شرکاء کو شامل ہونے پر منظوری دینے کی اجازت دی گئی ہے۔
یعنی اب گروپ میں کسی بھی ممبر کو شامل ہونے سے قبل گروپ ایڈمن کی رضامندی درکار ہوگی۔
گروپ ایڈمن کو واٹس ایپ کی جانب سے اختیار دیا گیا ہے کہ وہ چاہے تو نئے ممبر کی درخواست منظور یا مسترد کرسکتا ہے، اس سے قبل ایسا نہیں ہوتا تھا، گروپ کا کوئی بھی رکن کسی کو ریکویسٹ بھیجتا تھا اور وہ اسے منظور کرلیا کرتا تھا اور ایسے گروپ میں شامل ہوجاتا تھا، لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔
یہ دلچسپ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی فون کے کچھ بیٹا ٹیسٹرز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، اگر آپ یہ فیچر حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اپنی ایپ اپ ڈیٹ کرلیں، اگر تب بھی فیچر دستیاب نہیں ہوا تو مطلب آپ کو کچھ وقت اور انتظار کرنا پڑے گا۔
اس فیچر کو کیسے استعمال کیا جاسکے گا؟
واٹس ایپ بیٹا انفو کی جانب سے ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا ہے جس میں گروپ ایڈمنز جان سکتے ہیں کہ مذکورہ فیچر کو کیسے استعمال کریں گے۔
جیسا کہ آپ اسکرین شاٹ میں دیکھ سکتے ہیں، گروپ سیٹنگ سیکشن میں "اپروو نیو پارٹیسپنٹنس" کا آپشن موجود ہے۔
ایک بار یہ آپشن آن ہونے کے بعد، جو بھی گروپ میں شامل ہونا چاہتا ہے اسے گروپ ایڈمنسٹریٹر سے منظور ہونا ضروری ہے۔