Time 12 مارچ ، 2023
پاکستان

دو دن سے پتا تھا کہ ظل شاہ کو اسپتال لانیوالی گاڑی کا مالک کون تھا: یاسمین راشد

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے اعتراف کرلیا کہ انہیں علم تھا کہ جس گاڑی میں  جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی کارکن علی بلال عرف ظل شاہ کی لاش لائی گئی اس کا مالک کون ہے۔

 جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نےکہا کہ مجھے دو دن سے پتا تھا کہ ظل شاہ کو اسپتال لانے والے کالے ڈالے کا مالک کون تھا۔

میزبان شہزاد اقبال نے جب یاسمین راشد سے سوال کیا کہ جب آپ کو پتا تھا تو میڈیا کو کیوں نہیں بتایا؟ اس پوچھے گئے سوال پر یاسمین راشد گڑبڑاگئيں۔

پی ٹی آئی رہنما نے میزبان کے سوال کے جواب میں کہا آپ کا خیال ہے کہ میں بیٹھ کر صرف سوشل میڈيا دیکتھی رہتی ہوں، میرے پاس اور بہت کام ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس نے لاہور میں پریس کانفرنس میں علی بلال کی موت سے متعلق چند انکشافات کیے تھے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کارکن علی بلال کی موت پولیس تشدد سے نہیں گاڑی کی ٹکر سے ہوئی، جس گاڑی میں اس کی لاش اسپتال لائی گئی اس کا مالک پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کا رکن راجا شکیل ہے، اسی نے یاسمین راشد کو معلومات دی کہ گاڑی سے بندہ ہٹ ہوا۔

محسن نقوی کے مطابق یاسمین راشد نے راجا شکیل کو کہا کہ آپ میرے ساتھ کل زمان پارک چلیں، ڈرائیور کو گاڑی میں چھوڑ کر راجا شکیل یاسمین راشد کے ساتھ زمان پارک گئے، وہاں یہ سازش رچائی گئی۔

مزید خبریں :