12 مارچ ، 2023
بھارتی اداکارہ عرفی جاوید کو مرنے کے بعد مسلم کمیونٹی کے قبرستان میں جگہ نہ دینے کے حوالے سے بھارت کے ٹی وی اداکار فیضان انصاری کی درخواست پر اداکارہ کا ردعمل آگیا۔
چند روز قبل بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیضان انصاری نے بتایا تھا کہ انہوں نے قبرستان جا کر درخواست دی ہے جس میں گزارش کی گئی ہے کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے مسلمان عرفی جاوید کو قبرستان میں دفن نہیں ہونے دیں گے ، اس حوالے سے فتویٰ بھی آرہا ہے اور قانونی کارروائی بھی کی جارہی ہے۔
فیضان انصاری کی جانب سے عرفی جاوید کو لیگل نوٹس بھی بھیج دیا گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ عرفی کو اگر ممبئی میں رہنا ہے تو اپنی ’حد اور حالت‘ بدلنی ہوگی، نہیں تو وہ انہیں یہاں نہیں رہنے دیں گے، عرفی اپنے پہناوے سے ہر دھرم اور ہر کمیونٹی کی بے عزتی کر رہی ہیں، عرفی جاوید عوامی مقامات پر برہنہ گھومتی ہیں جو کہ بہت شرم کا مقام ہے۔
اب اس حوالے سے عرفی جاوید کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے جس میں عرفی نے بھارتی صحافی سے گفتگو کے دوران کہا کہ ’فیضان انصاری اتنا فارغ انسان ہے کہ وہ قبرستان جا جا کر ان کے خلاف درخواست دے رہا ہے؟
اداکارہ نے مزید کہا کہ عرفی مسلمان نام ہے یہ فیصلہ کرنے والا فیضان انصاری کون ہوتا ہے؟ یہ شخص توجہ کا طلبگار ہے ، شہرت حاصل کرنے کیلئے یہ سب کررہا ہے اور اب میں اس پر مزید کیا کہہ سکتی ہوں۔