کھیل
Time 13 مارچ ، 2023

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کو ایک بار پھر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا درجہ دیدیا گیا

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی نے یوتھ کرکٹ ٹورز کی منظوری بھی دے دی ہے۔ فوٹو فائل
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی نے یوتھ کرکٹ ٹورز کی منظوری بھی دے دی ہے۔ فوٹو فائل

نجم سیٹھی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کو ایک بار پھر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا درجہ دے دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین نجم سیٹھی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق 19 ڈپارٹمنٹس نے ڈومیسٹک سیزن 2023-24 میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے جبکہ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی نے یوتھ کرکٹ ٹورز کی منظوری بھی دے دی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایمرجنگ کپ جون جولائی میں سری لنکا میں شیڈول ہے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے پی ایس ایل 8 کی کامیابی کو سراہا، اجلاس میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت اور ایشیا کپ سے متعلق بھی مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔

نجم سیٹھی 18 سے 20 مارچ تک آئی سی سی اور اے سی سی ایگزیکٹو اجلاس میں شریک ہوں گے۔

اجلاس میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کو ایک بار پھر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا درجہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اس کے علاوہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی ٹورنامنٹ ایوولیشن کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے، کمیٹی میں نجم سیٹھی، ہارون رشید، شکیل شیخ اور دیگر شامل ہیں۔

اجلاس کو ویمن نمائشی میچز سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اگلے مرحلے میں پاکستان ویمن لیگ کے اسٹرکچر پر کام ہو رہا ہے۔

مزید خبریں :