وہ عام غلطیاں جو فریج کی زندگی مختصر کر دیتی ہیں

اکثر افراد یہ غلطیاں کرتے ہیں / فائل فوٹو
اکثر افراد یہ غلطیاں کرتے ہیں / فائل فوٹو

فریج کا استعمال تو اب لگ بھگ ہر گھر میں ہی ہوتا ہے اور یہ مشین کافی مہنگی ہوتی ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ چند عام عادات کے نتیجے میں اس مہنگی مشین کی زندگی مختصر ہو جاتی ہے؟

جی ہاں واقعی ایسا ہوتا ہے اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ اس کو ٹھیک کرانے یا نیا خریدنے میں ہزاروں روپے خرچ ہو جاتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ اس کو زیادہ سے زیادہ مدت تک چلانے کے لیے ضرورت ہے کہ آپ اپنی چند عادات پر نظرثانی کریں۔

عام طور پر ایک فریج کی زندگی 10 سے 15 سال ہوتی ہے مگر اچھا خیال رکھنے پر اس میں مزید 5 سے 10 سال کا اضافہ ممکن ہے۔

اندرونی مشین کی صفائی نہ کرنا

اگر ڈی فروسٹ ڈرین کچرے یا برف کی وجہ سے بند ہو جائے تو کوائلز سے پانی فریج کے نچلے حصے میں گرنے لگے گا۔

اس کے نتیجے میں نہ صرف فریج کو ضرورت سے زیادہ کام کرنا پڑ گا بلکہ اس کی زندگی بھی مختصر ہو جاتی ہے۔

فریج کی صفائی نہ کرنا

فریج کے دروازے کی صفائی کا خیال نہ رکھنے سے اس کی سیل (seal) خراب ہو سکتی ہے۔

اگر سیل خراب ہو جائے تو ٹھنڈی ہوا باہر لیک ہونے لگتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ فریج کے دروازے کی صفائی بھی بہت اہم ہوتی ہے، خاص طور پر اس کے دروازوں کے کونوں کو اکثر صاف کرنا چاہیے۔

کوائلز کو نظر انداز کرنا

کوائلز فریج کا بہت اہم حصہ ہوتے ہیں جو مشین کی حرارت کا درست طریقے سے اخراج یقینی بناتے ہیں۔

اگر کوائلز میں کچرا جمع ہونے لگے تو فریج کی حرارت اخراج متاثر ہوتا ہے، جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ کمپریسر کو زیادہ سخت محنت کرنا پڑتی ہے، جس کے باعث فریج زیادہ توانائی خرچ کرنے لگتا ہے اور اس کی زندگی کی مدت گھٹ جاتی ہے۔

بہت زیادہ سامان بھرنا

فریج اور فریزر میں بہت زیادہ سامان بھرنے سے اندرونی باکسز کی ساخت متاثر ہوتی ہے جبکہ مختلف حصے ٹوٹنے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔

وقت کے ساتھ اس عادت کے نتیجے میں فریج غیر فعال ہونے لگتا ہے اور خراب ہو جاتا ہے۔

فریزر کا ٹمپریچر بہت زیادہ رکھنا

ماہرین کے مطابق ٹمپریچر کا درجہ حرارت 0 سے 5 ڈگری فارن ہائیٹ کے درمیان رکھنا بہتر ہوتا ہے۔

فریزر کا زیادہ درجہ حرارت برف بنانے کی صلاحیت کو متاثر کرتا ہے جبکہ اس میں رکھی جانے والی غذاؤں کا معیار بھی خراب ہوتا ہے۔

15 ڈگری فارن ہائیٹ سے زیادہ درجہ حرارت سے ڈی فروسٹ تھرمو اسٹیٹ خراب ہو سکتا ہے جس کا نتیجہ فریج کی زندگی مختصر ہونے کی شکل میں نکلتا ہے۔

عجیب آوازوں یا مسلسل چلنے کو نظر انداز کرنا

اگر فریج مسلسل چل رہا ہے (یعنی کمپریسر مخصوص وقت کے بعد رکتا نہیں) یا اس سے آنے والی آواز معمول سے زیادہ ہے، تو یہ مشین میں خرابی کی علامت ہے۔

ایسا ہونے پر خرابی کو ٹھیک نہ کرانے سے فریج کی زندگی کی مدت گھٹ جاتی ہے۔

مزید خبریں :