گوگل کے اے آئی چیٹ بوٹ بارڈ تک لوگوں کو رسائی دینے کا سلسلہ شروع

فی الحال یہ سروس صرف محدود صارفین کو دستیاب ہوگی / فوٹو بشکریہ گوگل
فی الحال یہ سروس صرف محدود صارفین کو دستیاب ہوگی / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل نے اپنے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس چیٹ بوٹ بارڈ تک لوگوں کو رسائی فراہم کرنا شروع کر دی ہے۔

مائیکرو سافٹ کے سرچ انجن بنگ میں چیٹ جی پی ٹی کے اضافے کے بعد گوگل نے گزشتہ ماہ اس چیٹ بوٹ کو متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

اب امریکا اور برطانیہ میں محدود صارفین کو اس چیٹ بوٹ تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔

گوگل کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ بارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران ہم نے کافی کچھ سیکھا اور اب زیادہ سے زیادہ افراد کا فیڈ بیک حاصل کیا جائے گا۔

اس چیٹ بوٹ کے لیے گوگل نے اپنی تیار کردہ لینگوئج ٹیکنالوجی ایل اے ایم ڈی اے (LaMDA) کو استعمال کیا ہے۔

گوگل کی اس سروس کا مقصد صارفین کو مختلف موضوعات پر تفصیلات آڈیو، ویڈیو، تصاویر اور دیگر ذرائع سے پیش کرنا ہے۔

کمپنی نے اپنے بلاگ میں بتایا کہ جب بارڈ کو استعمال کیا جائے گا تو چیٹ بوٹ کی جانب سے صارفین کو چند ڈرافٹس فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ بہترین کا انتخاب کر سکیں۔

بلاگ کے مطابق آپ بارڈ سے ضمنی سوالات بھی پوچھ سکیں گے اور اگر آپ کوئی متبادل آپشن چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی بارڈ کو آزما سکتے ہیں۔

گوگل نے بتایا کہ بارڈ کو بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا اور آنے والے وقت میں اس میں مزید فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا۔

گوگل کے مطابق بارڈ کی تیاری میں کمپنی کے اے آئی اخلاقی اصولوں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے اور صارفین کے لیے معیار اور تحفظ کو ترجیح دی جائے گی۔

مزید خبریں :