واٹس ایپ گروپس کے لیے 3 نئے فیچرز متعارف

یہ فیچرز آنے والے ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے / فوٹو بشکریہ میٹا
یہ فیچرز آنے والے ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے / فوٹو بشکریہ میٹا

میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں نئے فیچرز کو متعارف کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

درحقیقت گزشتہ سال سے میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔

2022 کے اختتام پر واٹس ایپ نے گروپ کالنگ کو بہتر بنایا جبکہ گزشتہ چند ماہ کے دوران پراکسی سرورز سپورٹ اور اسٹیٹس میں وائس نوٹس سمیت متعدد اضافے کیے گئے۔

اب کمپنی کی جانب سے واٹس ایپ گروپس کو بہتر بنانے کے لیے 3 نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔

ایک فیچر بنیادی طور پر کسی واٹس ایپ گروپ میں شامل افراد کی تعداد میں اضافے کا ہے۔

اس حوالے سے واٹس ایپ نے گروپس کے اراکین کی تعداد 512 سے بڑھا کر 1024 کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسرا فیچر ایڈمن کنٹرول کا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ گروپس کے ایڈمنز کو زیادہ کنٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔

اب گروپ میں کسی بھی ممبر کو شامل ہونے سے قبل گروپ ایڈمن کی رضامندی درکار ہوگی، اس سے قبل ایسا نہیں ہوتا تھا۔

تیسرا کامن گروپس کا فیچر ہے۔

اس فیچر سے صارفین کسی واٹس ایپ دوست کے نام کو سرچ کرکے یہ جان سکیں گے کہ ان کا دوست کتنے ایسے گروپس کا حصہ ہے، جن کے آپ بھی رکن ہیں۔

یہ بظاہر تو خاص تبدیلی نہیں، تاہم اگر آپ متعدد گروپس کا حصہ ہیں تو یہ فیچر کافی مددگار ثابت ہوگا۔

واٹس ایپ نے بتایا کہ آنے والے ہفتوں میں صارفین ان فیچرز کو استعمال کر سکیں گے۔

مزید خبریں :