22 مارچ ، 2023
پنجاب کی نگران حکومت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اپنے قتل کے منصوبے سے متعلق بیان پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
عمران خان نے آج ویڈیو لنک خطاب میں الزام عائد کیا تھا کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے میرے قتل کا منصوبہ بنایا ہے، مجھے مرتضٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے، ان لوگوں نے ماڈل ٹاؤن کی طرح کے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔
حکومت پنجاب نے عمران خان کے الزامات کے معاملے کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے لگائے گئے سنگین الزمات کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی، عمران خان کے الزامات کی مکمل انکوائری کے بعد ہر صورت سخت ایکشن لیا جائے گا۔
قبل ازیں حکومت پنجاب نے پی ٹی آئی پر دہشت گردی کے مقدمات کی تفتیش کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن کمیٹی (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔