بنگ سرچ انجن میں چیٹ جی پی ٹی کے بعد ایک اور حیرت انگیز اے آئی ٹول کا اضافہ

مائیکرو سافٹ بنگ کے ساتھ ایج براؤزر میں بھی یہ ٹول دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ
مائیکرو سافٹ بنگ کے ساتھ ایج براؤزر میں بھی یہ ٹول دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ

مائیکرو سافٹ کے سرچ انجن بنگ اور براؤزر ایج میں اب آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کی مدد سے صرف لکھ کر تصاویر بنانا ممکن ہوگیا ہے۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے امیج کریٹیر نامی ٹول کو متعارف کرایا گیا ہے جو چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کے ڈیل ای ماڈل پر مبنی ہے۔

اس ٹول سے صارفین بنگ سرچ انجن یا بنگ چیٹ میں تحریری ہدایات دے کر اے آئی ٹیکنالوجی سے اپنی مرضی کی تصاویر تیار کرا سکتے ہیں۔

مائیکرو سافٹ کے کنزیومر مارکیٹنگ شعبے کے سربراہ یوسف مہدی نے بتایا کہ آپ کو بس اپنے الفاظ میں یہ وضاحت کرنا ہوگی کہ آپ کس طرح کی تصویر دیکھنا چاہتے ہیں۔

یہ ٹول بنگ چیٹ کے کریٹیو موڈ میں دستیاب ہے جبکہ مائیکرو سافٹ ایج کی سائیڈ بار میں اس کا آئیکون دیا جائے گا۔

مائیکرو سافٹ نے اس سے قبل اوپن اے آئی سے کے تیار کردہ نئے ماڈل چیٹ جی پی ٹی 4 کو بھی بنگ سرچ انجن کا حصہ بنایا تھا۔

چیٹ جی پی ٹی کے اضافے کی وجہ سے بنگ سرچ انجن کے صارفین کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اسے روزانہ استعمال کرنے والوں کی تعداد 10 کروڑ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

یوسف مہدی نے بتایا کہ اس سے قبل سرچ انجن صرف ایسی تصاویر تک محدود ہوتا تھا جو ویب پر پہلے سے موجود ہوں مگر اب ایسی کوئی حد نہیں رہی اور آپ اپنی مرضی سے خود تصاویر تیار کر سکتے ہیں۔

یہ نیا ٹول بنگ اور ایج میں متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور اگر ابھی آپ کے سامنے نہیں آ رہا تو bing.com/create پر جاکر اسے استعمال کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں :