Time 24 مارچ ، 2023
پاکستان

گزشتہ برس کی نسبت رواں سال حج کتنا مہنگا ہوا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: سرکاری حج پیکج مہنگا ہونے کی تفصیلات جیونیوز کو موصول ہوگئیں جس کے مطابق گزشتہ برس کی نسبت حج پیکج میں ساڑھے 3 لاکھ روپے اضافہ ہوا ہے۔

جیو نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق گزشتہ سال قربانی سمیت حج پیکج 8 لاکھ 26 ہزار 528 روپے تھا جب کہ  رواں سال قربانی کے علاوہ اخراجات 11 لاکھ 75 ہزار تک پہنچ گئے ہیں،  یعنی اب 50 ہزار روپے سے لے کر 74 ہزار روپے قربانی کے لیے اضافی الگ سے ادا کرنا ہوں گے۔

 دستاویز کے مطابق  حاجیوں کے کھانے پینے کے اخراجات میں 100 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے، فی حاجی 38 روز کےکھانے پینےکا خرچہ ایک لاکھ سے بڑھ گیا ہے،گزشتہ سال کھانے پینے کے اخراجات 53 ہزار 440 روپے تھے۔

رواں سال مکہ مکرمہ میں رہائش کا کرایہ بھی 70 فیصد سے زیادہ ہوگیا ہے،کرائےکا خرچ ایک لاکھ 11 ہزارکے بجائے ایک لاکھ 93 ہزار روپے ہوگیا ہے، مدینہ میں رہائش کا کرایہ 37 ہزار سے بڑھ کر 78 ہزار روپے ہوگیا ہے، ٹرانسپورٹ اخراجات 61 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 12 ہزار ہوگئے ہیں۔

رواں سال حج پیکج میں 43 ہزار 882 روپے ٹرین کرائے کے بھی شامل ہیں، حج لازمی اخراجات بھی 3 لاکھ سے بڑھ کر 3 لاکھ 56 ہزار ہوگئے ہیں، جہاز کا کرایہ بھی 70 ہزار بڑھ کر ڈھائی لاکھ روپے ہوگیا ہے جو کہ گزشتہ برس ایک لاکھ 81 ہزار  760 روپےکا تھا۔

دستاویز کے مطابق آب زم زم چارجز 721 کے بجائے 11 سو روپے وصول کیے جائیں گے، ادویات اور ویکسین وغیرہ کی مد میں بھی 12ہزار  روپے لیےجائیں گے،  ویزا فیس بھی 16ہزار سے بڑھ کر  22 ہزار 275 روپے ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :