26 مارچ ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین نے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان سے ملاقات سمیت لڑکی کے نام سے بنائی گئی سوشل میڈیا کی فیک آئی ڈی کی کہانی سنائی ہے۔
قہقہوں کا طوفان لیے پاکستان کا سب سے بڑا کامیڈی شو 'ہنسنا منع ہے' اپنے نئے سیزن کے ساتھ لوٹ آیا جس کے پہلے مہمان کرکٹر محمد حسنین تھے۔
دوران شو حسنین نے اپنی اور شاہ رخ خان کی وائرل تصویر سے متعلق بتایا اور کہا کہ 'یہ تصویر 2020 کی ہے جب میں سی پی ایل (کیریبیئن لیگ) کھیلنے گیا ہوا تھا، جس ٹیم سے میں کھیل رہا تھا اس کے مالک شاہ رخ خان تھے'۔
حسنین نے کہا کہ 'اداکار صرف تین میچ دیکھنے کے لیے آئے تھے، میچ ختم ہوا تو ہم ڈریسنگ روم میں گئے، کپڑے تبدیل کررہے تھے کہ شاہ رخ خان وہاں آگئے،اس وقت میں نے انہیں پہلی مرتبہ دیکھا تھا'۔
کرکٹر نے کہا کہ 'مجھے اداکار سے ملاقات میں بہت مزہ آیا، کیونکہ جنہیں ہم نے ساری زندگی ٹی وی پر دیکھا ہو اور وہ سامنے آجائیں، تو اچھا لگتا ہے'۔
دوران شو حسنین نے انکشاف کیا کہ ان کی بھی سوشل میڈیا پر ایک لڑکی کے نام سے فیک آئی ڈی ہے۔
حسنین نے کہا کہ 'مجھے اس آئی ڈی کا نام نہیں یاد، میں نے پہلے بنائی تھی، یہ آئی ڈی دراصل ایک دوست کے لیے اسے تنگ کرنے کے لیے بنائی تھی'۔