25 مارچ ، 2023
بالی وڈ کی مشہور زمانہ فلم تھری ایڈیٹس کے سیکوئل کے حوالے سے قیاس آرائیوں نے دم توڑ دیا ہے اور اب یہ معمہ حل ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز بالی وڈ فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے اداکاروں عامر خان، مادھون اور شرمن جوشی کی سوشل میڈیا پر وائرل تصویر پر رد عمل دیتے ہوئے کرینہ کپور نے شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔
کرینہ کپور نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کونسی کچھڑی پک رہی ہے؟ مجھے شک ہے کہ یہ لوگ مجھے بتائے بغیر ہی فلم تھری ایڈیٹس کا دوسرا پارٹ بنا رہے ہیں۔
اس کے بعد بمن ایرانی، جاوید جعفری اور مونا سنگھ نے بھی ویڈیوز جاری کی ہیں جن میں انہوں نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔
تاہم اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ عامر خان، شرمن جوشی اور مادھون کی وائرل تصویر دراصل ایک اشتہار سے لی گئی ہے اور اس کا تھری ایڈیٹس کے سیکوئل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔