ایلون مسک نے ٹوئٹر کی قدر میں 50 فیصد سے زیادہ کمی کا اعتراف کرلیا

ایلون مسک / رائٹرز فوٹو
ایلون مسک / رائٹرز فوٹو

دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں 44 ارب ڈالرز میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کو خریدا تھا۔

اب 5 ماہ بعد انہوں نے تسلیم کیا ہے کہ ٹوئٹر کی مالیت 50 فیصد سے بھی زیادہ گھٹ کر لگ بھگ 20 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔

ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایلون مسک نے اسٹاک گرانٹس کے حوالے سے ایک ای میل میں یہ اعتراف کیا۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے ملازمین کو آگاہ کیا کہ ان کی مالی مراعات کو کمپنی کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔

اسی مقصد کے لیے ایلون مسک نے کمپنی کے ملازمین کو 20 ارب ڈالرز کی مالیت کے مطابق اسٹاک گرانٹس دینے کی پیشکش کی۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے عملے کو بتایا کہ وہ کمپنی کی مالیت 250 ارب ڈالرز تک پہنچانے کے لیے مشکل مگر واضح راستہ بھی دیکھ رہے ہیں۔

ٹوئٹر کی جانب سے اس حوالے سے ابھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

اس سے قبل دسمبر 2022 میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ ٹوئٹر گھاٹے سے نکلنے کی راہ پر ہے اور 2023 میں حالات کافی حد تک بہتر ہو جائیں گے۔

مزید خبریں :