کھیل
Time 27 مارچ ، 2023

اس سیریز کے بعد بابر اور رضوان کو زیادہ عزت ملے گی:شاداب خان

پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان شاداب خان نے ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ اب بابر اعظم اور محمد رضوان کو پہلے سے زیادہ عزت ملے گی۔

افغانستان سے دوسرے ٹی ٹوئنٹی اور سیریز میں شکست کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ہم لوگ ہی اپنے پلیئرز پر تنقید کرتے ہیں، رضوان اور بابر اعظم پر سست رفتاری سے کھیلنے پر تنقید ہوتی رہی ہے، ان کے اسٹرائیک ریٹ پر باتیں ہوتی ہیں۔

شاداب خان کا کہنا ہے کہ بطور قوم ہم چاہ رہے تھے کہ پی ایس ایل میں پرفارم کرنے والے نوجوانوں کو موقع ملنا چاہیے کیوں کہ وہ اچھے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلتے ہیں،  وہ غلطیاں بھی کریں گے، وہ آتے ہی بابر اعظم کی طرح تو نہیں کھیلنا شروع کر دیں گے، پلیئرز بننے میں ٹائم لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجربات کرنے چاہئیں، میں اس کی حمایت کرتا ہوں، اس طرح ہماری قوم اور میڈیا والوں کو پتہ چلے گا کہ کھلاڑی کے تجربے کی بھی اہمیت ہوتی ہے۔

قومی ٹیم کے موجودہ کپتان  نے مزید کہا کہ ہمارے سینئرز کی جس طرح کی پرفارمنس تھی انہیں اس طرح سے عزت نہیں ملی، مجھے لگتا ہے اس سیریز کے بعد ہماری قوم اور میڈیا کی طرف سے انہیں بہت زیادہ عزت ملے گی۔

واضح رہے کہ افغانستان نے اتوار کو 3 میچز پر مشتمل سیریز کے کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

مزید خبریں :