30 مارچ ، 2023
لاہور : گارڈن ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر ایک پاکستانی نژاد آسٹریلوی شہری کو لوٹ لیا۔
پاکستانی نژاد آسٹریلوی عدنان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اس سے 1100 ڈالر اور 35 ہزار پاکستانی لوٹے۔
عدنان نے کہا کہ وہ دوست کے ساتھ کھانا کھانے برکت مارکیٹ آیا جہاں ایک نامعلوم حاملہ خاتون نے اسپتال چھوڑنے کے لیے مدد کی اپیل کی، مدد کی غرض سے خاتون کو گاڑی میں بٹھایا تو اچانک پولیس اہلکار آگئے۔
عدنان کے مطابق پولیس اہلکار زبردستی گاڑی میں گھس گئے اور اسلحہ کے زور پر 1100 ڈالر اور 35 ہزار پاکستانی روپے لوٹ لیے جب کہ پولیس اہلکاروں کی فوٹیج گاڑی میں لگے کیمرے نے محفوظ کرلی۔
متاثرہ شہری نے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے لیے تھانہ گارڈن ٹاؤن میں درخواست دے دی۔