Time 31 مارچ ، 2023
کھیل

پاکستان کے ساتھ ڈربی شائر بھی مجھے بہت عزیز ہے: مکی آرتھر

نجم سیٹھی کو کہتا رہا ہوں کہ ڈربی شائرمیرے لیے بہت اہم ہے، ڈربی شائرکے ساتھ میرا چار سال کا معاہدہ ہے، ابھی ایک سال ہوا ہے: سابق ہیڈ کوچ پاکستان— فوٹو: فائل
نجم سیٹھی کو کہتا رہا ہوں کہ ڈربی شائرمیرے لیے بہت اہم ہے، ڈربی شائرکے ساتھ میرا چار سال کا معاہدہ ہے، ابھی ایک سال ہوا ہے: سابق ہیڈ کوچ پاکستان— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پھرموقع ملنے پر خوشی ہے، پاکستان کے ساتھ ڈربی شائر بھی مجھے بہت عزیز ہے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ نجم سیٹھی کو کہتا رہا ہوں کہ ڈربی شائرمیرے لیے بہت اہم ہے، ڈربی شائرکے ساتھ میرا چار سال کا معاہدہ ہے، ابھی ایک سال ہوا ہے، میں پاکستان کے تمام کھلاڑیوں کےساتھ رابطے میں رہا ہوں، پاکستان ٹیم کو مینج کرنا اہم ہے، میرے تعلقات ان کےساتھ اچھےہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے لیے معاملات طے پا گئے جس کی تفصیلات کا اعلان بورڈ جلد کرے گا۔

ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کوچنگ اسٹاف کو لیڈ کریں گے، وہ اس سے قبل ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، ان کے دور میں پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی، مکی آرتھر ڈربی شائر کے ساتھ بھی کام کرتے رہیں گے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو رواں ہفتے حتمی شکل دی جائے گی، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوچنگ اسٹاف کے لیے معاملات تقریباً طے پا چکے ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے نیا کوچنگ اسٹاف ذمہ داریاں سنبھالے گا۔

مکی آرتھر کے علاوہ گرانٹ بریڈ برن کو کوچنگ اسٹاف میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی، انہیں ہیڈ کوچ بنایا جا سکتا ہے جب کہ جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر مورنی مورکل کو بولنگ اور جنوبی افریقا کے اینڈریو پیوٹک کو بیٹنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :