31 مارچ ، 2023
بھارت میں خاتون کو زبردستی حجاب اتارنے پر مجبور کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست تامل ناڈو میں پیش آیا جہاں مسلمان خواتین کا ایک گروپ سیاحت کیلئے تاریخی قلعہ ویلور کے دورے پر گیا تھا، اس موقع پر 6 لڑکوں پر مشتمل ایک گروہ کی جانب سے خواتین کو تنگ کیا گیا اور ایک خاتون کو زبردستی حجاب اتارنے پر مجبور کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ لڑکوں نے نہ صرف خاتون کو مجبور کیا بلکہ حجاب اتارنے کی ویڈیو بھی بنائی۔
پولیس کے مطابق گروہ میں شامل 17 سالہ نوجوان کو اس حرکت پر گرفتار کرلیا گیا جب کہ اس کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کرکے ریمانڈ لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ زیادہ تر لڑکے پیشے کے اعتبار سے رکشہ ڈرائیور ہیں اور سیاحت کی غرض سے تاریخی قلعہ میں آنے والی باحجاب خواتین کو نشانہ بناتے ہیں۔