Time 03 اپریل ، 2023
پاکستان

رواں سال پرائیویٹ حج کیلئے سب سے مہنگے اور سستے پیکج کی رقم مقرر

پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت89 ہزار605 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کرسکیں گے: ذرائع__فوٹو: فائل
پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت89 ہزار605 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کرسکیں گے: ذرائع__فوٹو: فائل

اسلام آباد: حکومت نے رواں برس 2023 کے پرائیویٹ حج کے لیے سب سےمہنگے اور سستے پیکج کی رقم مقرر کردی۔

ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور آفتاب درانی کے مطابق سب سے مہنگے پیکج کی حد32 لاکھ 50 ہزارسے زائد مقرر  کی گئی ہے جب کہ پرائیویٹ حج آپریٹرزکا سب سے سستا پیکج 11 لاکھ 80 ہزار روپے ہے، اس کے علاوہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کے لیے 12 پیکج مقررکیے گئے ہیں۔

آفتاب درانی کا کہنا ہےکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اوروعدے کے مطابق سہولیات فراہم نہ کرنے والے آپریٹر کو سزا دی جائےگی، سزاؤں کے تعین کا وزارت مذہبی امورنے باقاعدہ طریقہ کارطے کررکھا ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ مقررسہولیات سے زائدکےخواہش مندعازم حج کو رقم بھی زائددینی ہوگی، پرائیویٹ حج کرنے والے بعض عازمین آخری دنوں میں سعودی عرب جاتے ہیں اور حج سے چند روز قبل ہوٹل مہنگے ہوتے ہیں جن میں فور اور فائیو اسٹار ہوٹل مزیدمہنگے ہو جاتے ہیں۔

ذرائع مذہبی امور کا بتانا ہے کہ رواں برس حج کےلیے پاکستان کا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار210 ہے اور حج کوٹے کا نصف نجی حج اسکیم کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت 89 ہزار 605 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔

مزید خبریں :