06 اپریل ، 2023
کراچی: صفورہ عبداللہ شاہ غازی گوٹھ میں پولیس اہلکار نعمت اللہ شیخ نےخودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق نعمت اللہ کے بھائی پولیس اہلکار سیف اللّہ نے محکمہ پولیس کے منشیوں کو بھائی کی خودکشی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بھائی کے دو، تین مہینوں میں 6 بار تبادلے کیے گئے اور ہربار تبادلہ رکوانے کے لیے پہلے سے بڑھ کر رشوت مانگی گئی۔
پولیس اہلکار سیف اللّہ نے مزید کہا کہ اسے بھی بھائی کی طرح منشی مافیا پریشان کررہی ہے، پہلے گلشن حدید سے میمن گوٹھ تبادلہ کیاگیا اور اب گھر سے 45 کلو میٹر دور تبادلہ کردیاگیا۔
پولیس اہلکار کے بیان کے بعد ایس پی انوسٹی گیشن کامران خان کا کہنا ہے کہ متوفی اہلکار کے بھائی کے الزامات کی تحقیقات کررہے ہیں۔