Time 19 اگست ، 2024
صحت و سائنس

اس موسم میں مچھروں کو خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں؟ تو یہ آسان طریقے آزمائیں

مچھر ہر سال لاکھوں اموات کا باعث بنتے ہیں / فائل فوٹو
مچھر ہر سال لاکھوں اموات کا باعث بنتے ہیں / فائل فوٹو

مچھروں کو دنیا کا سب سے قاتل جاندار سمجھا جاتا ہے کیونکہ ان کی پھیلائی ہوئی بیماریوں سے ہر سال لاکھوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔

مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ روزمرہ کی مصروفیات میں ان سے بچنا آسان نہیں ہوتا۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ چند عام طریقوں سے آپ مچھروں کو خود سے دور رکھ سکتے ہیں؟

جی ہاں واقعی ایسا ممکن ہے اور اچھی بات یہ ہے کہ ان کے لیے زیادہ محنت کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔

پودینے سے مدد لیں

مچھروں سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں؟ تو پودینے کو آزما کر دیکھیں۔

ایک اسپرے بوتل میں ایک کپ پانی ڈال کر پودینے کے تیل کے چند قطرے شامل کر کے اچھی طرح ہلائیں۔

اس کے بعد وہ سیال اپنی جِلد پر اسپرے کریں اور جادو دیکھیں۔

پودینے میں موجود کیمیائی مرکبات مچھروں کو آپ سے دور رکھیں گے۔

انڈے کے کارٹن

اگر مچھر بھگانے والے کوائل نہیں تو کارڈ بورڈ سے بنے انڈے کے کارٹن مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

اس طرح کے کارٹن کو آگ لگائیں اور باہر کسی ایسی محفوظ جگہ پر رکھیں جہاں آگ پھیلنے کا خطرہ نہ ہو۔

اس کارٹن کی بو مچھروں کو گھر سے دور رکھے گی۔

لہسن کا پانی

لہسن کو پانی میں ملا کر اس کو باہر کے بلب کے قریب اسپرے کریں۔

جب وہ بلب گرم ہوں گے تو لہسن کی ایک مدھم بو احاطے میں پھیل جائے گی جو مچھروں کے ساتھ ساتھ دیگر کیڑوں کو بھی گھر سے دور رکھے گی۔

چند پودے بھی مدد فراہم کرتے ہیں

تلسی، لیونڈر، گیندے اور لہسن کے پودے مچھروں کو گھر سے دور رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

نیم کا تیل

نیم کا تیل مچھروں سے بچانے کا آسان ترین ذریعہ ہے، بس اس تیل کو لباس سے باہر موجود جسمانی حصوں پر لگالیں، مچھر آپ سے دور رہیں گے۔

دارچینی

ایک تحقیق کے مطابق دارچینی کا تیل بھی مچھروں کو مارنے کی صلاحیت رکھتا ہے، چوتھائی چائے کے چمچ دارچینی کے تیل کو 4 اونس پانی میں ملائیں اور اپنے گھر کے ارگرد اسپرے کردیں۔

سیب کا سرکہ

سیب کا سرکہ صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے مگر مچھر بھگانے میں بھی مدد دیتا ہے۔ ایک سے 2 کھانے کے چمچ سیب کے سرکے کو گھر میں اسپرے کرنے سے مچھروں اور دیگر کیڑوں کا خاتمہ کرتا ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق اس سرکے کو پینا بھی مچھروں کے لیے آپ کی کشش کم کرتا ہے، تاہم اس سرکے کو پانی میں ملا کر پینا چاہیے۔

گھریلو اسپرے بنائیں

ایک چھوٹے پیاز اور لہسن کے اوپری حصے کو پیس لیں اور پھر ان دونوں کو اکٹھے 4 کپ پانی میں ملائیں۔

اس کے بعد 4 چائے کے چمچ سرخ مرچیں اور ایک کھانا کا چمچ لیکوئیڈ ڈش سوپ مکس کردیں۔

اس سیال کو گھر کے اندر اور باہر اسپرے کرنے سے مچھروں کو گھر سے دور رکھنا آسان ہو جائے گا۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :