Time 18 اپریل ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

ایلون مسک کا اے آئی چیٹ بوٹ 'ٹروتھ جی پی ٹی' تیار کرنے کا اعلان

ایلون مسک انٹرویو دیتے ہوئے / اے پی فوٹو
ایلون مسک انٹرویو دیتے ہوئے / اے پی فوٹو

ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے انسانیت کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لاحق خطرات کا انتباہ کرتے ہوئے اپنا چیٹ بوٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ایلون مسک نے کہا کہ وہ چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں اپنا اے آئی چیٹ بوٹ 'ٹروتھ جی پی ٹی' متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جو سچ کی تلاش کرنے والا چیٹ بوٹ ہوگا۔

ایلون مسک کے مطابق یہ ایسا چیٹ بوٹ ہوگا جو کائنات کی فطرت اور انسانیت کو سمجھ سکے گا، اس طرح وہ انسانوں کی تباہی کا باعث نہیں بنے گا۔

انہوں نے اے آئی ٹیکنالوجی کو گاڑیوں یا راکٹ سے زیادہ خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی انسانیت کو تباہ کر سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی متعصب ہے جس کے مقابلے پر وہ اپنا چیٹ بوٹ لا رہے ہیں۔

اس سے قبل یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ ایلون مسک نے ایک اے آئی کمپنی متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کا مقابلہ کیا جاسکے۔

اس مقصد کے لیے ایلون مسک نے مارچ میں ایک کمپنی X.AI کو ریاست نویڈا میں رجسٹر بھی کرایا جس کے وہ اکیلے ڈائریکٹر ہیں۔

ایلون مسک برسوں سے اے آئی ٹیکنالوجی کے خلاف رائے کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

اس انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 'میں نے اپنے چیٹ بوٹ کا کام اور نام سوچ لیا ہے'۔

انہوں نے چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، جو ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

اوپن اے آئی وہ کمپنی ہے جس کے وہ شریک بانی ہیں، البتہ 2018 میں انہوں نے اوپن اے آئی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

اس علیحدگی کی وجہ کمپنی کی انتظامیہ سے اے آئی ٹیکنالوجی کے محفوظ ہونے کے حوالے سے تنازعات تھے۔

خیال رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو دنیا بھر میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور اسے متعدد ایپس کا حصہ بنایا جارہا ہے جبکہ مائیکرو سافٹ نے اپنے بنگ سرچ انجن اور دیگر پراڈکٹس کو بھی اس ٹیکنالوجی سے لیس کیا ہے۔

چیٹ جی پی ٹی 4 کو مارچ میں متعارف کرایا گیا جو اب تک کا سب سے جدید ترین اے آئی سسٹم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :