29 مارچ ، 2023
ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر کام کرنے والے اداروں سے کہا ہے کہ وہ زیادہ جدید اے آئی سسٹمز کی تیاری کو عارضی طور پر روک دیں۔
ایلون مسک نے یہ مطالبہ ایک کھلے خط میں کیا جو ان کے ساتھ ساتھ اے آئی ٹیکنالوجی کے ماہرین اور ٹیکنالوجی انڈسٹری کے افراد نے تحریر کیا ہے۔
اس خط کو ایک غیر منافع بخش ادارے فیوچر آف لائف انسٹیٹیوٹ نے جاری کیا جس پر 1 ہزار کے قریب افراد کے دستخط موجود ہیں۔
اس خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی 4 سے زیادہ جدید اے آئی سسٹمز کی تیاری کو کم از کم 6 ماہ تک روک دیا جائے۔
خط میں کہا گیا کہ انسانی ذہانت کا مقابلہ کرنے والے اے آئی سسٹمز معاشرے اور انسانیت کے لیے خطرات کا باعث بن سکتے ہیں۔
یہ خط اس وقت جاری ہوا ہے جب چیٹ جی پی ٹی 4 کو گزشتہ دنوں متعارف کرایا گیا جو اب تک کا سب سے جدید ترین اے آئی سسٹم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس کھلے خط میں کہا گیا کہ بہت زیادہ جدید اے آئی سسٹم زمین پر موجود زندگی کے لیے ایک بڑی تبدیلی کی نمائندگی کرتا ہے اور اس حوالے سے احتیاط کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
خط کے مطابق بدقسمتی سے اس طرح کی احتیاط اور منصوبہ بندی نہیں کی جا رہی ہے اور حالیہ مہینوں میں اس حوالے سے ایک ایسی دوڑ دیکھنے میں آئی جو کنٹرول سے باہر ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ایسے طاقتور ڈیجیٹل ذہن تیار ہو رہے ہیں جو انہیں بنانے والے بھی کنٹرول نہیں کر سکیں گے۔