19 اپریل ، 2023
وزیر اطلاعات مریم اور نگزیب نے اتحادی جماعتوں کے درمیان عمران خان سے مذاکرات کے معاملے پر اختلاف کی خبروں کو بے بنیاد اور غلط قرار دے دیا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکمران جماعتوں کے اجلاس میں مشاورت جاری ہے ، باضابطہ اعلان مشترکہ اعلامیے کی صورت میں جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اعلامیے سے قبل ہی مختلف جماعتوں سے منسوب خبریں چلانا افسوس ناک ہے ، تمام جماعتیں معاملات پر اپنی آرا دیتی ہیں جس کی روشنی میں فیصلے ہوتے ہیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں اتحادی جماعتوں کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں جے یو آئی نے عمران خان سے مذاکرات کی مخالفت کردی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادیوں کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن سے مذاکرات کے معاملے پر اصرار کیا اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) ، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) اور خالد مگسی کی جانب سے بلاول بھٹو کے مذاکرات کے مؤقف کی تائید کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی نے مؤقف اپنایا کہ عمران خان کوئی سیاسی قوت نہیں، ڈائیلاگ کی مخالفت کرتے ہیں۔ اس موقع پر زین بگٹی نے کہا کہ ہم ڈائیلاگ کےمخالف نہیں تاہم عمران خان ایک جھوٹا انسان ہے، عمران خان بھروسے کے لائق نہیں۔