20 اپریل ، 2023
کرکٹر عبداللّٰہ شفیق کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں زیادہ بار زیرو پر آؤٹ ہونے کو مثبت لیتا ہوں، میں اپنی خامیوں کو دور کروں گا، اب موقع ملا تو فائدہ اٹھاؤں گا۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عبداللّٰہ شفیق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے بھرپور تیاری ہے، اس وقت ہم ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی ساتھ ساتھ دیکھ رہے ہیں، ٹی ٹوئنٹی سیریز دیکھ کر بولنگ اور پلان کا اندازہ لگا رہے ہیں اور نیوزی لینڈ کی اسٹرنتھ کو سامنے رکھ کر تیاری کر رہے ہیں، ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے ساتھ ٹریننگ کے بعد اب انفرادی طور پر ٹریننگ کر رہے ہیں۔
عبداللّٰہ شفیق کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے، میگا ایونٹس سے پہلے ہمارے آٹھ ون ڈے میچز اہمیت کے حامل ہیں، تمام کھلاڑیوں کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ اچھا پرفارم کر کے تیاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ کیریئر میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، افغانستان کے خلاف اچھا نہیں کر سکا لیکن پلیئر کو جو موقع ملے اس سے فائدہ اٹھانا ہوتا ہے، اب نیوزی لینڈ سیریز پر فوکس ہے جہاں تک ناپسندیدہ ریکارڈ کی بات ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ ناپسندیدہ ریکارڈ آپ کو بڑا پلیئر بھی بنا دیتے ہیں۔
عبداللّٰہ شفیق کا ماننا ہے کہ ہر فارمیٹ میں کرکٹ کی بنیادی مہارت ایک جیسی ہوتی ہے، کسی ایک فارمیٹ میں کھیلنے کا نہیں سوچتا بلکہ یہ سوچتا ہوں کہ میں نے ہر فارمیٹ اس کی ضرورت کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے کسی فارمیٹ میں خود کو نہیں منوانا، میں اچھا ہوں تو کھیل رہا ہوں، میں اپنے لیے بڑے ٹارگٹ سیٹ نہیں کرتا بلکہ چھوٹے چھوٹے گول بنا کر ان کو حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
عبداللّٰہ شفیق پاکستان کی جانب سے 12 ٹیسٹ، ایک ون ڈے اور 6 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، پی ایس ایل 8 میں چیمپئن لاہور قلندرز کی جانب سے انہوں نے ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی اور پھر انہیں افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے منتخب کیا لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے بلکہ لگاتار زیرو پر آؤٹ ہونے کا ناپسندیدہ ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔