21 اپریل ، 2023
سابق وفاقی وزیر و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور نے کہا کہ قید میں کئی قیدیوں سے گپ شپ رہی اور کئی قیدیوں کو نشہ چھوڑنے پر لیکچر دیے۔
لاہور کی عدالت کے باہر ڈی آئی خان کے صحافی نے علی امین گنڈاپور سے سوال کیا کہ آپ کے بال کس نے کاٹے؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں نے خود بال کٹوائے ہیں لیکن حجام اچھا نہیں تھا، بغیر شیشے کے بال کیسے کٹے اندازہ بھی نہیں ہوا، طاقت بالوں میں نہیں بلکہ ایمان میں ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی داڑھی رکھنے کا فیصلہ نہیں کیا، گھر میں مشورہ اور استخارہ کروں گا پھر داڑھی رکھنے کا فیصلہ کروں گا۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ داڑھی رکھنے کے بعد جے یو آئی میں شامل ہونگے؟ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھاکہ 15 دن قید میں رہا ہوں لیکن میرا دماغ خراب نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ قید میں کئی قیدیوں سے گپ شپ رہی ہے، میں نے کئی قیدیوں کو نشہ چھوڑنے پر لیکچر دیے، زندگی کا نشہ مزیدار ہوتا ہے منشیات کا نشہ نہیں کرنا چاہیے۔