پاکستان
Time 24 اپریل ، 2023

آئین میں ساس کی تعظیم کاحکم نہیں، آئین کی عزت کا حکم ہے: طلال چوہدری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہےکہ لیک آڈیو ٹیپ ہمارے موقف کی تائید ہے، یہ گواہی ہےکہ ن لیگ اور اس کی لیڈرشپ کے ساتھ زیادتیاں کی گئیں، پاکستان کے آئین میں ساس کی تعظیم کاحکم نہیں، آئین کی عزت کا حکم ہے۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اب  تو  چیف جسٹس کو  استعفیٰ دے دینا چاہیے، جب گھر سے ان کی ساس گواہی دے رہی ہیں، فیصلے ان کی مرضی سے ہو رہے ہیں آئین کی مرضی سے نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو لانے کے لیے پھر سوموٹو اور 184 تھری اور مخصوص جج صاحبان نے خاص قسم کے فیصلے کرنے شروع کیے، ایسے فیصلے جو آئین اورپارلیمنٹ کے بنائےقوانین کے مطابق نہیں، ایسے فیصلے جو اپنے گھر والوں ، سسرال اور اپنے بچوں کی خواہش پر کیےگیے،2017 میں گیلریوں میں اپنے بچوں اور گھر والیوں کو بٹھا کر نواز شریف کے خلاف فیصلہ سنایا گیا،گیلری میں ان کےبچوں اور گھر والیوں نے تالیاں بجائیں۔

انہوں نے کہا کہ اب پھر ایک ساس اپنے دامادکو حکم دے رہی ہے کہ کیا کرنا ہے، پاکستان کے آئین میں ساس کی تعظیم کاحکم نہیں، آئین کی عزت کا حکم ہے، پاکستان کی سیاست میں اس بات کی ضرورت نہیں کہ فیصلے گھر والوں کی خواہش پر کیے جائیں، پاکستان کی ضرورت ہے کہ آئین کے مطابق ملک کو چلایاجائے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں انتخابات کا بہانہ بنا کر پھر مخصوص ماحول بنایا جا رہا ہے تاکہ اس کا فائدہ عمران خان کو ہوسکے، عمران خان نے پاکستان کی عزت چھوڑی نہ غریب کی روٹی چھوڑی، عمران خان نے ترقی کرتے پاکستان کو ڈیفالٹ تک پہنچا دیا ہے۔

مزید خبریں :