26 اپریل ، 2023
ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے اتحادی حکومت میں شامل وفاقی وزراء سے ملاقات کی جس میں مردی شماری سے متعلق تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان وفد نے وفاقی وزرا سے اسلام آباد میں ملاقات کی، ایم کیو ایم وفد میں مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے جبکہ حکومتی وفد میں خواجہ آصف، احسن اقبال، سعد رفیق اور چیف کمشنر مردم شماری ڈاکٹر ندیم الظفر تھے۔
ایم کیو ایم ترجمان کا کہنا ہے کہ ملاقات میں مردم شماری کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، ایم کیو ایم وفد نے حکومتی وفد کے سامنے ادارہ شماریات کی فائنڈنگ کو پیش کیا۔
ترجمان کے مطابق حکومتی وفد نے جائزے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات کو تسلیم کیا اور ملاقات میں معاملات کے حل اور مردم شماری میں بےضابطگیاں روکنے پر اتفاق ہوا۔