Time 02 مئی ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

اے آئی ٹیکنالوجی پر انحصار انسانیت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، ایلون مسک

ایلون مسک / اے ایف پی فوٹو
ایلون مسک / اے ایف پی فوٹو

ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ٹوئٹر جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک طویل عرصے سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے ممکنہ خطرات کے بارے میں بات کرتے آئے ہیں۔

اب ایک بار پھر انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی پر انحصار انسانیت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام کاموں کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی پر انحصار سے ایسا ماحول پیدا ہوگا، جس کے باعث انسان ان مشینوں کو چلانا بھول جائیں گے جو اے آئی ٹیکنالوجی کو متحرک کرتی ہیں۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'اے آئی/ آٹومیشن پر بے ضرر انحصار بھی تہذیب و تمدن کے لیے اس وقت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے جب ہم بتدریج یہ بھول جائیں گے کہ مشینیں کیسے چلتی ہیں'۔

اس ٹوئٹ سے قبل انہوں نے 1909 کی ایک مختصر سائنس فکشن کہانی دی مشین اسٹاپ کا لنک بھی شیئر کیا جس میں ایسے مستقبل کی پیشگوئی کی گئی تھی جس میں انسانیت مشینوں کی محتاج ہو جاتی ہے۔

ایلون مسک طویل عرصے سے اے آئی ٹیکنالوجی کے خلاف بات کرتے رہے ہیں اور دیگر شخصیات جیسے مارک زکربرگ اور بل گیٹس پر اس حوالے سے تنقید کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو دنیا بھر میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور اسے متعدد ایپس کا حصہ بنایا جارہا ہے جبکہ مائیکرو سافٹ نے اپنے بنگ سرچ انجن اور دیگر پراڈکٹس کو بھی اس ٹیکنالوجی سے لیس کیا ہے۔

اس چیٹ بوٹ کو اوپن اے آئی نامی کمپنی نے تیار کیا ہے اور ایلون مسک اس کمپنی کے شریک بانی ہیں، مگر 2018 میں انہوں نے اوپن اے آئی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

اس علیحدگی کی وجہ کمپنی کی انتظامیہ سے اے آئی ٹیکنالوجی کے محفوظ ہونے کے حوالے سے تنازعات تھے۔

اپریل 2023 میں ایلون مسک نے ایک انٹرویو میں اے آئی ٹیکنالوجی سے لاحق خطرات کا انتباہ کرتے ہوئے اپنا چیٹ بوٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں اپنا اے آئی چیٹ بوٹ 'ٹروتھ جی پی ٹی' متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جو سچ کی تلاش کرنے والا چیٹ بوٹ ہوگا۔

ایلون مسک کے مطابق یہ ایسا چیٹ بوٹ ہوگا جو کائنات کی فطرت اور انسانیت کو سمجھ سکے گا، اس طرح وہ انسانوں کی تباہی کا باعث نہیں بنے گا۔

انہوں نے اے آئی ٹیکنالوجی کو گاڑیوں یا راکٹ سے زیادہ خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی انسانیت کو تباہ کر سکتی ہے۔

اس سے قبل یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ ایلون مسک نے ایک اے آئی کمپنی متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کا مقابلہ کیا جاسکے۔

اس مقصد کے لیے ایلون مسک نے مارچ میں ایک کمپنی X.AI کو ریاست نویڈا میں رجسٹر بھی کرایا جس کے وہ اکیلے ڈائریکٹر ہیں۔

مزید خبریں :