07 مئی ، 2023
کیا آپ نیند کے دوران خراٹے لیتے ہیں؟ تو اس سے صحت پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
مگر یہ عادت گھر والوں کی نیند بھی متاثر کرتی ہے جن کے لیے کسی خراٹے لینے والے شخص کے قریب سونا آسان نہیں ہوتا۔
ویسے یہ جان لیں کہ لوگ خراٹے لیتے کیوں ہیں۔
ایسا اس وقت ہوتا ہے جب نیند کے دوران حلق کے مسلز پرسکون ہو جائیں جس سے سانس لینے کے دوران ہوا کا بہاؤ متاثر ہوتا ہے اور عجیب آوازیں منہ سے خارج ہونے لگتی ہیں۔
اوبیسٹریکٹیو سلیپ اپنیا کے شکار افراد میں یہ عام مسئلہ ہوتا ہے۔
اوبیسٹریکٹیو سلیپ اپنیا کے شکار افراد کی سانس نیند کے دوران بار بار رکتی ہے جس سے خراٹوں کے ساتھ ساتھ متعدد طبی پیچیدگیوں کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔
اسی طرح موٹاپے، ناک، منہ اور حلق کی ساخت میں مسائل اور نیند کی کمی سے بھی خراٹوں کے مسئلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔
مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند عام چیزوں کے ذریعے خراٹوں کی روک تھام ممکن ہے۔
پشت کے بل یا چت لیٹنے سے کئی بار زبان حلق کی جانب مڑ جاتی ہے جس سے سانس رکتی ہے اور خراٹوں کی شکایت کا سامنا ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ دائیں یا بائیں کروٹ لیٹنے سے ہوا کا بہاؤ متاثر نہیں ہوتا جس سے خراٹے رک جاتے ہیں۔
نیند کی کمی سے بھی خراٹوں کا خطرہ بڑھتا ہے کیونکہ ناکافی نیند سے حلق کے مسلز پرسکون ہوتے ہیں اور ہوا کا بہاؤ متاثر ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کی جانب سے بالغ افراد کو ہر رات 7 سے 9 گھنٹے سونے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
بستر پر سر کو چند انچ اونچا کرنے سے ہوا کی گزرگاہ کھل جاتی ہے اور خراٹوں کے مسئلے میں کمی آتی ہے۔
اس کے لیے 2 تکیوں کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
تمباکو نوشی ایسی عادت ہے جو خراٹوں کی شدت کو بدتر بنا دیتی ہے۔
اس کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہے کہ تمباکو نوشی سے اوبیسٹریکٹیو سلیپ اپنیا سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اگر آپ کا جسمانی وزن زیادہ ہے تو اس سے حلق کے ٹشوز کا حجم بھی بڑھ جاتا ہے جس سے خراٹوں کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔
جسمانی وزن میں کمی لانے سے خراٹوں سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
جسم میں پانی کی کمی سے خراٹوں سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
تو دن بھر میں مناسب مقدار میں پانی پینے سے خراٹوں کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔
چونکہ پشت کے بل سونے سے خراٹوں کی شدت بڑھتی ہے تو ٹینس بال آپ کو کروٹ کے بل سونے پر مجبور کر سکتی ہے۔
اس کے لیے ٹینس بال کو قمیض سے منسلک کرلیں تاکہ آپ کمر کے بل لیٹ نہ سکیں۔
کئی بار الرجی کے باعث بھی حلق میں ہوا کی گزرگاہ متاثر ہوتی ہے جس سے خراٹوں کا سامنا ہوتا ہے۔
تو اپنے بستر کی چادر کو جلد بدلنا عادت بنائیں تاکہ الرجی کے باعث خراٹوں کا سامنا نہ ہو سکے۔
اگر خراٹوں کی شدت معمولی ہے تو پودینے کے تیل سے اس کی روک تھام ممکن ہے۔
اس مقصد کے لیے پودینے کے تیل کی تھوڑی سی مقدار ناک کے نیچے لگائیں جس سے ناک کھلی رہے گی۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔