08 مئی ، 2023
گوگل نے مئی 2023 کے شروع میں پاس کی (passkey) نامی ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا تھا تاکہ پاس ورڈز کا عہد ختم کیا جا سکے۔
پاس کی ایک ایسا محفوظ طریقہ کار ہے جو پن کوڈ یا بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہی کسی صارف کو گوگل اکاؤنٹس تک رسائی فراہم کرے گا۔
اس طرح گوگل اکاؤنٹس میں لاگ ان ہونے کے لیے پاس ورڈ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ پاس کی صرف آپ کی ڈیوائس میں محفوظ ہوگی تو اسے محفوظ سمجھا جا سکتا ہے، مگر اسے استعمال کیسے کریں اور کن ڈیوائسز پر اسے استعمال کرنا ممکن ہے؟
ونڈوز 10 یا میک او ایس وینچرا پر کام کرنے والے تمام لیپ ٹاپس یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز پر اس ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ ضروری ہے کہ کمپیوٹر میں کروم 109، سفاری 16 یا ایج 109 ورژن کام کر رہا ہو۔
اگر موبائل فون یا ٹیبلیٹ پر پاس کی بنانا چاہتے ہیں تو آئی او ایس 16 (اگر ایپل کی ڈیوائس ہے) یا اینڈرائیڈ 9 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والی ڈیوائسز درکار ہوں گی۔
موبائل یا ٹیبلیٹ پر اسکرین لاک کو ان ایبل کرنا بھی ضروری ہوگا۔
اگر آپ کا گوگل ورک اسپیس اکاؤنٹ موجود ہے جو آپ اس اکاؤنٹ کے لیے پاس کی نہیں بنا سکیں گے، مگر ذاتی گوگل اکاؤنٹ پر پاس کی کو استعمال کرنا ممکن ہے۔
اس کے لیے سب سے پہلے g.co/passkeys ویب سائٹ پر جائیں۔
اگر آپ اینڈرائیڈ ڈیوائس استعمال کرتے ہیں تو آپ کی پاس کی خودکار طور پر بن چکی ہوگی اور اس ویب سائٹ پر جاکر use passkeys کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔
اس کے بعد ایک کیو آر کوڈ نظر آئے گا جسے فون کیمرے سے اسکین کریں اور بس۔
اگر آپ آئی فون استعمال کر رہے ہیں یا ویب سائٹ پر ڈیوائس لسٹ میں موجود نہیں تو Create a passkey بٹن پر کلک کریں جو پیج کے نیچے موجود ہوگا۔
اگر ڈیوائس گم ہو جائے تو پھر؟
آپ پاس کیز کی لسٹ میں سے کسی بھی ڈیوائس کو ڈیلیٹ کر سکتے ہیں۔
اس کے لیے آپ کو اپنے گوگل اکاؤنٹ میں جاکر بائیں جانب سکیورٹی کے آپشن میں جانا ہوگا اور وہاں How you sign in to Google کو اسکرول ڈاؤن کرکے پاس کیز کا انتخاب کرنا ہوگا۔
وہاں پاس کیز والی ڈیوائسز کے برابر میں X لکھا نظر آئے جس پر کلک کرکے آپ اس ڈیوائس میں پاس کی ڈیلیٹ کر سکتے ہیں۔
اگر گوگل نے خودکار طور پر پاس کی بنائی ہے تو اسے ڈیلیٹ نہیں کیا جا سکتا ہے، تو ایسی صورت میں آپ کو سکیورٹی میں جاکر وہاں Manage all devices کے آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔
اس کے بعد اس فون یا ڈیوائس کا انتخاب کریں جس سے سائن آؤٹ ہونا چاہتے ہیں اور پھر سائن آؤٹ پر کلک کریں۔