09 مئی ، 2023
کیا آپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد میں اچانک کمی آئی ہے؟
اگر ہاں تو ایسا کمپنی کی جانب سے جاری ایک مہم کے باعث ہوا۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ کمپنی کی جانب سے ایسے اکاؤنٹس کو پلیٹ فارم سے ختم کیا جا رہا ہے جو کئی برس سے استعمال نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم ایسے اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر رہے ہیں جن میں کئی برس سے کوئی سرگرمی نہیں ہوئی، تو ہو سکتا ہے کہ آپ اپنے فالوورز کی تعداد میں کمی دیکھیں'۔
اس کا اعلان ایلون مسک کی جانب سے سب سے پہلے دسمبر میں کیا گیا تھا مگر اب اس پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
دسمبر میں ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ٹوئٹر کے ڈیڑھ ارب اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا تاکہ یوزر نیم دستیاب ہوسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا جن پر برسوں سے کوئی لاگ ان نہیں ہوا اور کوئی ٹوئٹ نہیں کیا گیا۔
ایلون مسک کا نیا اعلان ٹوئٹر کی غیر متحرک اکاؤنٹس کے حوالے سے پالیسی کے مطابق ہے۔
اس پالیسی میں کہا گیا کہ صارفین کو ہر 30 دن میں کم از کم ایک بار لاگ ان ہونا چاہیے اور زیادہ عرصے تک کوئی سرگرمی نہ ہونے پر اکاؤنٹس کو ہمیشہ کے لیے ڈیلیٹ کیا جا سکتا ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ موجودہ مہم میں کتنے عرصے سے غیر متحرک اکاؤنٹس کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ہٹایا جائے گا۔
مگر یہ واضح ہے کہ متعدد صارفین کے اکاؤنٹس کے فالوورز کی تعداد میں اچانک نمایاں کمی آئے گی۔