14 مئی ، 2023
پاکستان سمیت دنیا بھر میں کروڑوں افراد ایپل کے تیار کردہ آئی فون کے مختلف ماڈلز استعمال کرتے ہیں۔
مگر بہت کم افراد کو تمام آئی فونز میں چھپے ایک دلچسپ فیچر کا علم ہے جو اس ڈیوائس کے استعمال کا تجربہ بہت زیادہ بہتر بنا سکتا ہے۔
یہ فیچر آئی فون میں اسکرولنگ سے متعلق ہے جو اس وقت مدد فراہم کرتا ہے جب صارف واپس اوپر کی جانب اسکرول کرنا چاہتا ہے۔
اگر آپ اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں تو جانتے ہوں گے کہ ایپس اور ویب پیجز پر اسکرولنگ کرنا ضروری ہوتی ہے مگر بہت نیچے جانے کے بعد جب دوبارہ اوپر جانے کی ضرورت ہوتی ہے تو اسکرولنگ میں کافی وقت ضائع ہوتا ہے۔
تاہم اگر آپ آئی فون کا کوئی بھی ماڈل استعمال کرتے ہیں تو اس میں موجود ایک فیچر سے اوپر کی جانب بے مقصد اسکرولنگ کی ضرورت نہیں رہتی۔
درحقیقت اس فیچر کی مدد سے آپ محض ایک سیکنڈ میں نیچے سے اوپر پہنچ سکتے ہیں۔
اگر آپ کسی ویب پیج یا ایپ کی فیڈ پر کافی نیچے اسکرول کر چکے ہیں اور واپس اوپر جانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے اوپر اسکرولنگ کرنے میں وقت ضائع نہ کریں۔
اگر آپ آئی فون 14 سیریز کے ماڈلز استعمال کر رہے ہیں تو فوری اوپر پہنچنے کے لیے ڈائنامک آئی لینڈ کے دائیں یا بائیں کسی بھی کونے پر کلک کریں اور بس۔
اگر آپ آئی فون ایکس یا اس کے بعد آئی فون 13 سیریز تک کے کسی ماڈل کو استعمال کرتے ہیں (یوں کہہ لیں کہ نوچ ڈیزائن والے آئی فون کو استعمال کرتے ہیں) تو نیچے سے اوپر پہنچنے کے لیے کیمرا نوچ کے کسی کونے پر کلک کریں۔
اگر آپ آئی فون ایکس سے پہلے کے کسی ماڈل کو استعمال کرتے ہیں یعنی جس میں ڈائنامک آئی لینڈ یا نوچ ڈیزائن موجود نہیں، تو اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے اسٹیٹس بار پر موجود کلاک آئیکون پر کلک کریں۔
ایسا کرنے کے بعد آپ ایک سیکنڈ میں نیچے سے اوپر پہنچ جائیں گے۔