آئی فون 15 پرو میکس کا کیمرا دیگر فونز کے مقابلے میں خاص کیوں ہوگا؟

آئی فون 15 سیریز ستمبر میں متعارف کرائی جا سکتی ہے / فوٹو بشکریہ ایپل
آئی فون 15 سیریز ستمبر میں متعارف کرائی جا سکتی ہے / فوٹو بشکریہ ایپل

گزشتہ دنوں ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس میں پہلی بار ایسا ٹیلی فوٹو کیمرا لینس متعارف کرایا جائے گا جو آپٹیکل زوم کو دوگنا بڑھا دے گا۔

اب ایک لیک سے عندیہ ملتا ہے کہ محض ٹیلی فوٹو لینس ہی کیمرا سیٹ اپ میں بڑی اپ ڈیٹ نہیں۔

اسمارٹ فونز کی تفصیلات لیک کرنے کے حوالے سے معروف ایک ٹوئٹر صارف نے بتایا کہ آئی فون 15 پرو میکس (ایسا بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ ماڈل آئی فون 15 الٹرا کے نام سے متعارف کرایا جائے گا) میں ایپل کمپنی کی تاریخ کا سب سے بڑا کیمرا سنسر موجود ہوگا۔

48 میگا پکسل کیمرا سنسر کا حجم 1/1.14 انچ ہوگا جو روشنی کو زیادہ بہتر طریقے سے جذب کرنے کے ساتھ ساتھ باریک تفصیلات بھی محفوظ کر سکے گا۔

اس اپ گریڈ کے ساتھ یہ نیا آئی فون دیگر اسمارٹ فونز کو کیمرے کے شعبے میں ٹکر دے سکے گا۔

درحقیقت اس کیمرا اپ گریڈ کے ساتھ ایپل کا یہ نیا آئی فون ڈیجیٹل کیمروں کا بھی مقابلہ کر سکے گا۔

آئی فون 15 سیریز میں کیا کچھ نیا ہو سکتا ہے؟

کچھ عرصے قبل ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔

آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔

اسی طرح مختلف لیکس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو ماڈلز کے ڈیزائن میں والیوم بٹن کو تبدیل کیا گیا ہے اور اس کا استعمال اب زیادہ آسان ہو جائے گا جبکہ سائیلنٹ سوئچ کو ایکشن بٹن سے بدلا جا رہا ہے۔

ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ بھی دی جائے گی، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔

اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے۔

یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔

یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ سے ہٹ کر آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں ڈائنامک آئی لینڈ کا فیچر دیے جانے کا امکان ہے، جو 2022 میں آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود رکھا گیا۔

خیال رہے کہ آئی فون 15 سیریز کو ستمبر 2023 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :