Time 14 مئی ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ میسج ایڈٹ بٹن محدود صارفین کو دستیاب، استعمال کا طریقہ جانیں

یہ فیچر ابھی بیٹا صارفین کو دستیاب ہے / فائل فوٹو
یہ فیچر ابھی بیٹا صارفین کو دستیاب ہے / فائل فوٹو

واٹس ایپ وہ پلیٹ فارم ہے جسے روزانہ اربوں افراد استعمال کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میٹا کی جانب سے اس میں مسلسل نئے فیچرز کا اضافہ کیا جاتا ہے۔

مثال کے طور حالیہ دنوں میں نامناسب میسجز کو رپورٹ کرنے یا نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کو سائیلنس کرنے جیسے فیچرز متعارف کرائے گئے۔

مگر اب اس میسجنگ ایپ میں پہلی بار بھیجے گئے میسجز کو ایڈٹ کرنے کا فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے۔

یہ فیچر اس وقت اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور ویب کے بیٹا (beta) ورژنز پر تمام صارفین کو دستیاب ہے، البتہ عام افراد کے لیے اسے متعارف کرانے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

مگر نئی اپ ڈیٹ سے عندیہ ملتا ہے کہ ایڈٹ بٹن کا فیچر بہت جلد تمام افراد کو دستیاب ہوگا۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین میسج بھیجنے کے بعد 15 منٹ کے اندر اسے ایڈٹ کر سکیں گے۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ استعمال کرنے والا ہر فرد روزانہ کئی پیغامات بھیجتا ہے، مگر کئی بار جلد بازی میں میسج بھیجنے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ ہم سے غلطی ہوگئی ہے۔

ایسا ہونے پر میسج کو ڈیلیٹ کرنا پڑتا ہے کیونکہ کوئی اور آپشن دستیاب نہیں ہوتا، مگر یہ نیا فیچر اس مسئلے کا حل ہے۔

جب کوئی میسج ایڈٹ کیا جائے گا تو وقت کے ساتھ ایک لیبل کے ذریعے اس میں تبدیلی کو واضح کیا جائے گا۔

بیٹا صارفین اس فیچر کو کیسے استعمال کریں؟

اگر آپ واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن استعمال کر رہے ہیں، خاص طور پر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر، تو اس فیچر کو استعمال کرنا بہت آسان ہے۔

اگر آپ آئی او ایس ڈیوائس پر واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں تو میسج بھیجنے کے بعد اسے سلیکٹ کریں، ایسا کرنے پر آپ کے سامنے پوپ اپ مینیو میں ایڈٹ کا آپشن نظر آئے گا۔

اسی طرح اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر میسج کو سلیکٹ کرنے کے بعد اوپر دائیں جانب تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کریں گے تو وہاں ایڈٹ کا آپشن نظر آئے گا۔

ایڈٹ آپشن پر کلک کرکے آپ اپنے پیغام کو بدل سکتے ہیں یا کوئی غلطی ہے تو اسے درست کر سکتے ہیں۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ فی الحال یہ فیچر بیٹا صارفین کو دستیاب ہے اور اسے صرف ٹیکسٹ میسجز پر ہی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :